میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عظمت صحابہ کانفرنس کی تیاریاں مکمل ،شہر بھر سے ریلیاں اور قافلے اجتماع گاہ پہنچیں گے

عظمت صحابہ کانفرنس کی تیاریاں مکمل ،شہر بھر سے ریلیاں اور قافلے اجتماع گاہ پہنچیں گے

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۱ ستمبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

کراچی علماء کمیٹی کی جانب سے شاہراہِ قائدین پہ عظمت صحابہ کانفرنس آج بروز جمعہ گیارہ ستمبر دوپہر دو بجے ہوگی۔کانفرنس کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں،کراچی علماء کمیٹی کے سربراہ مولانا ڈاکٹر عادل خان ودیگر اراکین نے اجتماع گاہ کا دورہ کیا۔کانفرنس میں شرکت کیلئے مذہبی جماعتوں کے قائدین،میڈیا سے وابستہ شخصیات،ممبران اسمبلی کو بھی شرکت کی دعوت۔ کراچی اضلاع کے علماء کنونشن میں سیکڑوں علماء نے شرکت کی۔کانفرنس میں شرکت کیلئے شہر بھر سے ریلیوں اور جلوسوں کی شکل میں شاہراہ قائدین پہنچیں گے۔حتمی انتظامات کیلئے کراچی علماء کمیٹی کے اراکین کے اجلاس اور لانڈھی و اورنگی ٹاؤن میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان نے کہا کہ ان شاء اللہ عظمت صحابہ کانفرنس میں لاکھوں افراد شریک ہوکر اصحاب رسول سے عقیدت کا اظہار کریں گے ،پرامن اور تاریخ ساز کانفرنس ہوگی جس میں اکابر و مشائخ سمیت مذہبی ودینی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ ممبران اسمبلی بھی شرکت کریں گے،انہوں نے کہا کہ اعلی الاعلان صحابہ کرام کی توہین کرنے والوں کے خلاف ابھی تک کاروائی نہ ہونا افسوس ناک ہے،مقدس شخصیات کے خلاف گستاخی کرنے والوں کیلئے قانون تو موجود ہے لیکن اس میں سقم ہونے کی وجہ سے ملزمان قانون کی گرفت سے بج جاتے ہیں اور پھر منافرت انگیزی کرنے والوں کو فرقہ وارانہ جذبات بھڑکانے کا موقع مل جاتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ حکومت فوری طور پہ مزید سخت قوانین کا نفاذ کر کے گستاخی کا ارتکاب کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دے،انہوں نے کہا کہ آج ہر مکتبہ فکر کی جانب سے ملک بھر میں صحابہ کی عظمت و ناموس کیلئے اجتماعات ،ریلیاں اور مارچ منعقد ہورہے ہیں یہ خوش آئند ہے،تمام مسالک کا اس حوالہ سے باہم رابطہ بھی ہے اورہر ایک کی جانب سے صحابہ کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ جلوسوں سے ملکی سطح پہ جہاں امن وامان کے مسائل پیدا ہوتے ہیں وہیں ہر شعبہ اور کاروبار زندگی سے تعلق رکھنے والوں کے معمولات کئی کئی روز کیلئے معطل ہوجاتے ہیں آج تمام مکاتب فکر سے وابستہ جماعتیں یہ مطالبہ کرتی ہیں کہ ان جلوسوں پہ پابندی لگائی جائے اور اگر جلوس کسی کا مسلکی شعار ہے تو اس کو غیر معروف شاہراہوں تک محدود کیا جائے،انہوں نے کہا ہے کہ ہماری یہ کانفرنس ان شاء اللہ ملک سے فرقہ واریت کے خاتمے و ملکی استحکام کیلئے پیغام اور ایک مؤثر آواز ہوگی۔اس موقع پہ کراچی علماء کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔درین اثناء لانڈھی میں علماء کنونشن میں مولانا اقبال اللہ،مولانا اورنگزیب فاروقی،مولانا محمد طیب،مولانا حضرت ولی،مولانا رزین شاہ،مولانا عبدالرزاق،مولانا عبدالماجد سمیت سیکڑوں علماء نے شرکت و خطاب کیا جبکہ اورنگی ٹاؤن میں ضلع غربی و جنوبی کے علماء کنونشن میں مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان،قاری اللہ داد،ڈاکٹر قاسم محمود،مولانا ادریس ربانی،مولانانعمان نعیم،مولانا فیض اللہ آزاد،مولانا تاج محمد حنفی،مولانا فیض محمد نقشبندی،۔مولانا رفیع اللہ،مولانا قاری حق نواز،مولانا مصباح العالم،مولانا سیف اللہ ربانی،مولانا فضل الرحمن آزاد،مولانا یاقوت شاہ،مفتی عبدالسمیع،مولانا حماد مدنی سمیت سیکڑوں علماء نے شرکت کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں