ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے، عمران خان
شیئر کریں
وزیرِ اعظم عمرا ن خان نے ہدیات کی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کو حتمی شکل دی جائے ،ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے، کراچی میں سالہا سال سے درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے،عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے، کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کے لئے وفاق اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔پیر کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کے مسائل کے مستقل حل کیلئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی ، گورنر سندھ عمران اسمعٰیل، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹنٹ جنرل محمد افضل، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری صاحبان و سینئر افسران شریک ہوئے ۔وزیرِ اعظم کو شہر قائد کے مسائل، پانی، سیوریج، نالوں کی صفائی، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے عوام کو درپیش مشکلات اور ان مسائل کے مستقل حل کے لئے مجوزہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزارتِ منصوبہ بندی کی جانب سے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے وزیراعظم کو پریزنٹیشن دی گئی ،کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کراچی کے مسائل اور پاکستان کے معاشی حب کی ترقیاتی ضروریات کو مد نظر رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کراچی کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے۔ کراچی میں سالہا سال سے درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے۔ عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔ کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کے لئے وفاق اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کو حتمی شکل دی جائے تاکہ اس کی باقاعدہ منظوری اور عمل درآمد کا کام شروع کیا جا سکے۔