میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
منی لانڈرنگ ریفرنس ،سلمان شہباز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری

منی لانڈرنگ ریفرنس ،سلمان شہباز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری

ویب ڈیسک
هفته, ۲۹ اگست ۲۰۲۰

لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے

شیئر کریں

لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے ، عدالت نے سلمان شہباز کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا،سماعت 10ستمبر تک ملتوی کردی گئی ۔جمعرات کو احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی ،عدالت نے شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم بھی دیا جبکہ وارنٹ سے متعلق آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔عدالت نے شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کے قابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری بھی جاری کئے ۔عدالت نے استفسار کیا کہ نصرت شہباز کا کیا معاملہ ہے ، گرفتاری کا وارنٹ جاری ہوا تھا ؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نصرت شہباز کے وارنٹ جاری نہیں ہوئے ، نصرت شہباز کو والدین سے کوئی جائیداد نہیں ملی، شہباز شریف کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد اثاثوں میں اضافہ ہوا، نصرت شہباز کے اکائونٹس میں ٹرانزیکشنز ہوئیں۔احتساب عدالت لاہور نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، دونوں بیٹیوں رابعہ عمران اور جویریہ کو بھی طلب کر لیا۔رمضان شوگر مل ریفرنس میں میاں شہباز شریف کے دوسرے صاحبزادے اور مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا گیا۔اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کو کمرہ عدالت سے جانے کی اجازت دے دی۔دورانِ سماعت شہباز شریف نے احتساب عدالت کے جج کے روبرو کہا کہ فاضل جج صاحب! میں نے اپنے دور میں کروڑوں روپے بچائے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے قومی خزانے کو آج تک نقصان نہیں پہنچایا، ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی، خزانے سے تنخواہ تک نہیں لی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے اندراربوں روپے کی سرمایہ کاری لے کر آیا ہوں، جج صاحب! اللہ تعالی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی قسم کھاتا ہوں کہ کبھی عوام کے پیسے کو نقصان نہیں پہنچایا۔فاضل جج نے کہا کہ شہباز شریف صاحب! بے فکر رہیں قانون کے مطابق بڑے غور سے عدالت الزامات کا جائزہ لے گی، اگر الزامات جھوٹے ہوئے تو آپ اس عدالت سے باعزت بری ہوں گے ۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اللہ تعالی اور آپ کی عدالت پر یقین ہے ۔عدالت نے شہباز شریف کی استدعا پر انہیں کمرہ عدالت سے جانے کی اجازت دے دی۔فاضل جج نے کہا کہ آپ کی حاضری مکمل ہو چکی ہے ، آپ جا سکتے ہیں۔شہباز شریف رمضان شوگر ملز ریفرنس کیس میں آئندہ پیشی پر دوبارہ پیش ہوں گے ۔اس سے قبل شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر پولیس نے لیگی کارکنوں کو احتساب عدالت میں داخلے سے روک دیا۔ لیگی کارکنوں اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل ہوئی۔ ایم او کالج سے لیکر سول سیکرٹریٹ چوک تک سٹرکوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کیا گیا جبکہ پولیس نے راستوں کو کنٹینرزاور خاردار تاریں لگا کر بند کر رکھا تھا ۔شہباز شریف نے نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی صحت پر حکومت سیاست کر رہی ہے ، حالانکہ حکومت نے ہی نواز شریف کو اجازت د یکر باہر بھیجا تھا۔انہوں نے کہا کہ اے پی سی تمام سیاسی جماعتیں مل کر کریں گی، اشیائے خور ونوش کی قیمتیں بہت بڑھ چکی ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں