میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے تباہی

اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے تباہی

ویب ڈیسک
منگل, ۲۵ اگست ۲۰۲۰

شیئر کریں

اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی،تھرپارکر،بدین،حیدر آباد، ٹھٹھہ،ڈگری اور دیگر شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، پانی کی نکاسی نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا، میرپورخاص میں کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی بارش سے پورا شہر تالاب میں بدل گیا، ریلوے نے سندھ میں شدید بارش کے باعث ٹرین ڈرائیوروں کو ہائی الرٹ جاری کردیا،مون سون کا چھٹا اسپل جاری ہے ، اندرون سندھ تاحد نگاہ پانی ہی پانی نظرآیا، تھرپارکر،بدین، میرپورخاص سمیت زیریں سندھ میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی ۔ نکاسی آب کے ابتر نظام نے تمام علاقوں کو ڈبو دیا، سڑکیں،گلیاں اور شاہراہیں تو زیر آب آئی ہیں شہریوں کے گھروں،دکانوں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔میرپور خاص میں 13گھنٹے تک مسلسل بارش سے سڑکوں اور گلی محلوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ۔نشیبی علاقوں میں صورتحال ابترہوگئی،بارش نے رکنے کا نام نہ لیاتوشہری اذانیں دیکرخیر و عافیت کی دعائیں کرنے لگے ،نالے ابل پڑے ، گندا پانی گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہری پریشان ہوگئے ۔ڈگری میں بھی تیز بارش ہوئی، پمپنگ سٹیشن بند ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا،حیدر آباد، ٹھٹھہ، ٹنڈو الہ یار میں بھی بادل خوب برسے ،مٹھی، بدین، تھرپارکر کے صحرا میں بھی تیز بارش ہوئی۔تھر میں طوفانی بار ش کے باعث مٹھی شہر ڈوبنے کے خدشات پیدا ہوگئے ،ڈپٹی کمشنر نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، محکمہ بلدیات، حیسکو اور دیگر محکموں کے افسران کو الرٹ کردیا اور صورتحال معمول پر آنے تک ضلعی ہیڈ کوارٹر نہ چھوڑنے کی ہدایات کردیں جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔بدین میں بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی شہری پریشانی کے عالم میں سرکاری اداروں کی مدد کا انتظار کرنے لگے ۔ ٹھٹھہ میں انتظامیہ کی غفلت سے ابر رحمت زحمت بن گئی، بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے کچی آبادی زیر آب آگئی۔عمر کوٹ میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی، پنگریو میں کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش نے نشیبی علاقوں کو ڈبو دیا، نالے اوور فلو ہوگئے جس سے بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہوگیا۔ گزشتہ24گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش مٹھی میں 223ملی میٹر،ننگرپارکر میں 213،اسلام کوٹ 184،ڈیپلو 128اور چھاچھرو میں 128ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ میرپورخاص میں 104ملی میٹر بارش ہوئی۔بارش زدہ علاقوں میںبجلی کی بھی آنکھ مچولی جاری رہی۔دوسری جانب ریلوے نے سندھ میں شدید بارش کے باعث ٹرین ڈرائیوروں کو ہائی الرٹ جاری کردیاہے ۔ ڈرائیورز کو کوٹری، حیدر آباد اور ٹنڈو آدم کے درمیان 2 طرفہ ٹریک پر احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں