میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی ٹی سی ایل انتظامیہ جرأت کیخلاف اوچھی حرکتوں پر اُتر آئی

پی ٹی سی ایل انتظامیہ جرأت کیخلاف اوچھی حرکتوں پر اُتر آئی

ویب ڈیسک
بدھ, ۵ اگست ۲۰۲۰

شیئر کریں

شہریوں کو ناقص انٹر نیٹ سروس دینے اور بھاری بھرکم بل تھمانے کے بعد پی ٹی سی ایل انتظامیہ اتصالات کے نقش ِقدم پر چلتے ہوئے صحافتی اداروں کو بھی بلیک میل کرنے لگی ہے۔ روزنامہ جرأت کو سچ بولنے اور حقائق بیان کرنے کی سزا مل گئی، پاکستان بھر میں پی ٹی سی ایل انٹر نیٹ میں روزنامہ جرأت کی ویب سائٹ گزشتہ روز پہلے تو مکمل بلاک کردی گئی۔ بعد ازاں روزنامہ جرأت کی پی ٹی سی ایل سے متعلق خبر وں کو مکمل طور پر بلاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عوامی مفاد اور سچائی پر مبنی صحافت کرنے والے ادارہ روزنامہ جرأت کو پی ٹی سی ایل انتظامیہ کی جانب سے حالیہ دنوں میں شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ پی ٹی سی ایل اور اتصالات معاہدے اور سرکاری جائیدادوں کی بندر بانٹ سے متعلق اہم رازفاش کرنے پر ادارے کی ویب سائٹ پی ٹی سی ایل انٹر نیٹ پر بلاک کر دی گئی ہے جس کی بنیادی وجہ حق اور سچ کی آواز بلند کرنا بتائی جارہی ہے۔واضح رہے کہ روزنامہ جرأت ان دنوں پی ٹی سی ایل اور اتصالات کے مابین معاہدے کے سنجیدہ حقائق بتدریج طشت ازبام کررہا ہے۔ اس کے علاوہ پی ٹی سی ایل میں پائے جانے والی بدعنوانیوں کو بھی بے نقاب کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں پی ٹی سی ایل انتظامیہ کی جانب سے ادارے پر اثرانداز ہونے کی بھی کوشش کی گئی مگر ادارے نے اس دباؤ کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے اپنے بنیادی فریضے پر کماحقہ توجہ دیتے ہوئے حقائق منکشف کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس حوالے سے ادارے نے مختلف ذرائع سے اثر انداز ہونے والی قوتوں کو یقین دلایا کہ پی ٹی سی ایل سامنے آنے والے حقائق پر اپنا موقف پیش کرے جسے نمایاں طور پر شائع کیا جائے گا۔ مگر پی ٹی سی ایل انتظامیہ نے جرأت میں شائع حقائق کی کسی بھی موقع پر تردید اور اپنا’’ وضاحتی حق‘‘ استعمال کرنے کے بجائے خبروں کی اشاعت کو روکنے ہی پر اِ صرار جاری رکھا۔ ادارہ کی جانب سے پی ٹی سی ایل انتظامیہ کو ایک مرتبہ پھر یہ پیشکش کی جاتی ہے کہ وہ جرأت میں شائع حقائق پر اپنا موقف پیش کرے جسے ادارہ بے کم وکاست شائع کرنے کی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہمیشہ پوری کرے گا۔ تاہم پی ٹی سی ایل کی جانب سے خبروں کو بلاک کرنے کے اوچھے ہتھکنڈے ہمارے صحافتی مشن سے ہمیں باز نہ رکھ پائیں گے، اس طرح کے حرکتیں ہمارے عزائم کو مزید پختہ بناتی ہے ۔ واضح رہے کہ روزنامہ جرأت کو ماضی میں بھی با اثر حلقوں کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا رہا ہے مگر اس کے باوجود ادارے نے کبھی سچ کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں