اپوزیشن کی حکومت کے خلاف نئے محاذ کی تیاری
شیئر کریں
اپوزیشن جماعتوں نے عید الاضحیٰ کے بعد تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف نئے محاذ کی تیاری شروع کردی۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان لاہور کے ایک ہوٹل میں ملاقات ہوئی۔اس ملاقات میں پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما قمر زمان کائرہ اور چودھری منظور بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے عید الاضحیٰ کے بعد ہونے والی اے پی سی پر مشاورت کی۔میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملاقات میں اے پی سی کے معاملات پر بھی بات ہوئی، مڈ ٹرم الیکشن پر متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم پر فیصلہ ہو گا۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو جلد از جلد عوام کے مسائل حل کرنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج جو بات چیت ہوئی، اس کے اثرات انشااللّٰہ عید کے بعد نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔فضل الرحمان نے کہا کہ رہبر کمیٹی ایجنڈے کے طور پر تجاویز مرتب کرے گی، جس پر اے پی سی کا انعقاد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پچھلے انتخابات میں عام آدمی کے ووٹ کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، وہ واپس کیا جائے، دو برسوں میں حکومت کے اقدامات سے ریاست کی بقا کا سوال پیدا ہوگیا ہے۔فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے جانے کے بعد پہلی ترجیح ملکی معیشت کو اٹھانا ہوگا۔