کراچی، غیر قانونی مویشی منڈیوں کیخلاف ایکشن17بیوپاری گرفتار
شیئر کریں
کراچی میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف پولیس نے ایکشن لیا ہے جس کے دوران سائوتھ زون پولیس نے 17بیوپاریوں کو گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی سائوتھ کے مطابق گرفتار کیے گئے ان 17بیوپاریوں کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔دوسری جانب کراچی کی مویشی منڈی میں بھی بیوپاری گاہکوں کے منتظر ہیں، امید لگائے بیٹھے ہیں کہ اتنی دور سے لائے گئے ان کے تمام جانور بک جائیں گے۔مویشی منڈی کے ترجمان یاور رضا چاولہ کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی کا وقت صبح 7 سے شام 7 بجے تک ہے، میڈیا چینلز عوام کے درمیان آگاہی پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومتی احکامات کے تناظر میں کیا گیا ہے، مویشی منڈی میں کورونا ایس او پیز پر عمل کیا جا رہا ہے، عوام منڈی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، وقت کا خیال رکھیں۔قربانی کے لیے مویشی خریدنے آنے والے گاہکوں کو شکوہ ہے کہ جانوروں کے قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔کراچی میں سپر ہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے خوب صورت اور صحت مند گائے، بیل اور بکرے تو ہیں ہی، یہاں اونٹ بھی بڑی تعداد میں دستیاب ہیں۔اس منڈی میں مختلف نسلوں کے5 ہزار سے زائد اونٹ بھی موجود ہیں جن پر بنائے گئے نقش و نگار نے تو ان کی شان اور بھی بڑھا دی ہے۔بہت سے صاحبِ حیثیت افراد عیدالاضحی پر اونٹ بھی نحر کرتے ہیں، اونٹ کی قربانی کرنے والے اس کی صحت و تندرستی کے ساتھ اس کے بناو سنگھار پر بھی بڑی توجہ دیتے ہیں، اس لیے منڈی میں اونٹوں پر نقش و نگار کا کام بھی زور و شور سے جاری ہے۔