کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے چار دہشت گردوں نے حصہ لیا
شیئر کریں
(نمائندہ جرأت)کراچی میں پاکستان اسٹا ک ایکسچینج پر ناکام حملے میں ملوث کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے چار دہشت گردوں نے حصہ لیا۔ حملے کی نوعیت سے واضح ہے کہ دہشت گرد انتہائی تباہی پھیلانے کی نیت سے آئے تھے۔ یہ امر بالکل واضح ہے کہ دہشت گردوں نے اس حوالے سے بھارتی سرپرستی میں فعال پاکستانی طالبان کی طرز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کامنصوبہ بنا رکھا تھا، جو فدائی کے ساتھ حملے کے مقام پر زیادہ سے زیادہ ٹہر کر توجہ حاصل کرنے کے ساتھ نقصان کو مسلسل بڑھانے کی طرز کا حامل ہوتا تھا۔ اس قسم کے حملوں کی خاص بات یہ ہوتی ہے کہ اس کے اثرات طویل المیعاد ہوتے ہیں اور یہ دشمن ملک بھارت کے اہداف کے مطابق ہوتے ہیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ خدانخواستہ کامیاب ہو جاتا تو کورونا زدہ معیشت مزید ہانپنے لگتی، اور دنیا بھر میں یہ حملہ زیر بحث آجاتا۔ حملے کی نوعیت اور ہتھیاروں کی تفصیلات پر دھیان دیں تو واضح نظر آتا ہے کہ حملہ آور پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کافی دیر قیام کرنا چاہتے تھے۔ ایک لمبے وقت تک اسٹاک ایکسچینج پر قبضے سے یہ دنیا بھر میں توجہ حاصل کرتے ۔ عالمی ذرائع ابلاغ کی خبر بنتے۔ دوسری طرف وہ زیادہ نقصان پہنچا کر اسٹیٹ مشینری کو مصروف رکھ کر اپنی نقصان پہنچانے کا رعب بھی قائم کرتے۔ مگر خوش قسمتی سے یہ دہشت گردوں کی یہ پوری حکمت عملی ناکام ہوئی۔جرأت کو دستیاب معلومات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس پہلے سے اس حملے کی اطلاع موجود تھی۔ اور انہوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر سیکورٹی کو پہلے سے ہی بڑھا رکھا تھا۔ ذرائع کے مطابق ابتدا سے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے درست حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے دہشت گردوں کو جوابی طور پر نشانا بنانا شروع کردیا۔ اور یوں گفتگو یا دہشت گردوں کو بات چیت میں مصروف کرنے میں وقت ضائع نہیں کیا۔ چنانچہ حملے کو ابتدا میں ہی ناکام بنا دیا گیا۔