قومی اسمبلی کا اجلاس کسی عالمی وباء کی موجودگی میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد
شیئر کریں
قومی اسمبلی کا اجلاس کسی عالمی وباء کی موجودگی میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد ہوا، شریک ارکان قومی اسمبلی انتہائی پرسکون اور مطمئن دکھائی دئیے ، روایتی انداز میں ارکان ایک دوسرے سے گپ شپ لگاتے رہے ، کورونا وائرس کے حوالے سے قومی اسمبلی کے اجلاس دوران کسی قسم کا خوف ، ڈر دیکھنے میں نہیں آیا ، سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ موسم بہار کے جاتے جاتے قومی اسمبلی کا یہ اجلاس پوری قوم کیلئے نوید کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے ۔ قومی اسمبلی کی سفارشات کورونا بحران سے دوچار قوم کی عید کی روایتی خوشیوں کا سبب بن سکتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے تمام تر خطرات کو مول لیتے ہوئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو متحرک کردیا گیا ہے ، قومی اسمبلی میں کورونا کی صورتحال پر بحث شروع ہوگئی ہے جبکہ سینیٹ میں اس بحث کا آغاز آج ہوگا۔ قوم کے منتخب نمائندے انتہائی پرسکون اور مطمئن انداز میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنی تجاویز پیش کرتے رہے ۔ حکومت اپوزیشن یک زبان نظر آئی اور تمام جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ حفاظتی اقدامات میں مزید اضافہ کیا جائے ۔ مشکل سے دوچار خاندانوں تک رسائی حاصل کرنی ہوگی۔ سیاسی حلقوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کو قوم کیلئے امید کی کرن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یقیناً قوم کی اجتماعی بصیرت سے اس قومی بحران میں عوام کے حوصلے بلند رکھنے کیلئے پارلیمنٹ سے اہم سفارشات کا اعلان کیا جائے گا ، یہ پارلیمنٹ عوام کے احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرے گا، سیاسی حلقوں نے اسے بھی خوش آئند قرار دیا ہے کہ پارلیمنٹ میں یکجہتی اور ہم آہنگی کی فضا نے پوری قوم کو تسلی دی ہے ۔ سیاسی حلقوں نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کرنے پر بھی حکومت اور پارلیمانی جماعتوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا ۔ گزشتہ روز پارلیمانی رپورٹ کے مطابق خوش اسلوبی سے کارروائی کو مکمل کیا گیا، اور نہ کوئی ناخوشگوار صورتحال پیش آئی