بھارت، چین کے درمیان سرحدی علاقے میں جھڑپ ،متعدد فوجی زخمی
شیئر کریں
بھارت اور چین کے سرحدی علاقے سکم پر تعینات دونوں ممالک کے محافظوں کے مابین جھڑپ کے نتیجے میں متعدد فوجی زخمی ہوگئے ۔ ایک بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سرحدی ریاست سکم میں ناکولا سیکٹر کے قریب جھڑپ ہوئی جس میں 7 چینی اور 4 بھارتی فوجی زخمی ہو گئے۔ خیال رہے کہ دونوں ممالک کی مشترکہ سرحد 3 ہزار 400 کلومیٹر ( 2100میل) پر محیط ہے ۔دونوں ممالک کی سرحد پر مذکورہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا جہاں مقامی کمانڈرز نے معاملے میں مداخلت کی اور صورت حال معمول پر آگئی۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق اسی سرحد پر دونوں ممالک کی فوج کے مابین ایک دوسرے پر پتھر پھینکنے جیسی جھڑپیں بھی ہوتی ہیں۔ تازہ ترین تناؤ کا سامنا سکم کے ناکو لا سیکٹر کے قریب ہوا، جو ہمالیہ میں سطح سمندر سے 5 ہزار میٹر سے زیادہ بلند ہے ۔ بھارتی وزارت دفاع نے مذکورہ واقعے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے سرحد ی محافظوں کی جانب سے جارحانہ رویے اپنانے کے نتیجے میں فوجیوں کو معمولی زخم آئے ۔ رپورٹ کے مطابق مقامی سطح پر افسران کے درمیان رابطے اور بات چیت کے بعد صورتحال معمول پر آگئی۔خیال رہے کہ بھارت اور چین کی سرحدیں ہمالیہ سے ملتی ہیں، اور دونوں ممالک میں طویل عرصے سے سرحدی تنازع جاری ہے ، دونوں ایک دوسرے پر الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔