وزیر اعظم عمران خان ہرشہری کیلئے یکساں سوچ رکھتے ہیں، فردوس عاشق اعوان
شیئر کریں
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوا ن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کسی صوبے ، کسی مخصوص جماعت یا ایک مخصوص علاقہ کے لئے نہیں بلکہ وہ پاکستان کے ہر شہری کے لئے یکساں سوچ رکھتے ہیں ۔اگر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف سے رہنمائی لے کر ایک متفقہ ایجنڈے کے ساتھ کوئی لائحہ عمل سامنے لاتے ہیں تو حکومت اس کو دیکھے گی اور اس کو متفقہ قومی ایجنڈے کے طور پر آگے بڑھایا جائے گا جس میں عوام کی بہتری ہو گی۔ہمیں اس وقت ضرورت ہے کہ لوگوں میں خوف و ہراس پیدا نہ ہوں ، سنسنی خیزی سے پرہیز کریں اور افراتفری معاشرے کے لئے کسی طرح بھی سودمند نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر صوبے کو لاک ڈائون کے حوالہ سے اختیار دیا کہ وہ اپنی ترجیحات طے کریں کیونکہ ہر صوبے کے حالات دوسرے صوبے سے یکسر مختلف ہیں لیکن ایک جگہ سب کا اتفاق ہے اور متفقہ رائے ہے کہ کورونا ایک دوسرے سے میل جول سے ہی وبا کی شکل میں پھیلنے کا باعث بنتا ہے ،اگر کورونا کے پھیلائو کو محدود کرنا ہے تو پھر شہریوں کو گھر تک محدود کرنا ہے ۔ ا نہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا کوئی منصوبہ ایسا نہیں تھا جو داغدار نہ ہو اور جس کے اوپر انگلیاں نہ اٹھی ہوں۔ ہم کورونا وائرس کے خلاف مہم اور ایجنڈے کو غیر متنازعہ رکھنا چاہتے ہیں اور کوئی بھی ایسی شخصیت اور سیاسی قیادت جس پر انگلی اٹھ رہی ہو یا عدالتوں کے اندر اس کے اوپر کیسز ہوں یا وہ کہیں نہ کہیں قانون کو مطلوب ہوں تو عوام ایسے افراد اور جماعتوں کے سربراہان کی رائے کو متنازعہ رائے سمجھتے ہوئے اس پر کان نہیں دھریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے جو مریض صحتیاب ہو ئے ہیں میڈیا ان کے حوالہ سے عوام کو ضرور آگاہ کرے اور بتائے کہ اس مرض کا کوئی علاج نہیں تاہم احتیاط اور حفاظتی تدابیر سے ان افراد نے اس بیماری کو شکست دی اور وہ صحت مند ہیں اور وہ مثبت چہرے ہیں جو معاشرے کے اندر نارمل زندگی گزار رہے ہیں۔