میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
لاہور میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق

لاہور میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق

ویب ڈیسک
پیر, ۱۶ مارچ ۲۰۲۰

شیئر کریں

صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہو گئی ہے، متاثرہ مریض 10 مارچ کو برطانیہ سے واپس لوٹا تھا،سعودی عرب سے واپس آنے والے تین مسافروں کو مشتبہ مریض قرار دے کر آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ،پنجاب حکومت نے کوروانا وائرس کے تناظر میں تین ہفتے کے لئے دفعہ 144نافذ کر دی،حفاظتی اقدام کے طور پرتمام پولیس ٹریننگ سنٹرز میں ٹریننگ سیشنز کو روک دیا گیا ہے ،گھروں کی چار دیوار ی کے اندر شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت دیدی گئی ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ مریض ہفتہ کی رات سے ہسپتال میں داخل تھا۔ 54 سالہ مریض کو علامات ظاہر ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا۔ترجمان کے مطابق مریض سے براہ راست رابطے میں آنے والے تمام افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جو نیگیٹو آئے۔ ایس او پی کے مطابق مریض سے براہ راست رابطے میں آنے والوں کو گھر میں ہی آئیسولیشن میں رکھا جا رہا ہے اورمقررہ پیریڈ کے دوران تمام افراد کی نگرانی کی جائے گی۔ علامات ظاہر ہونے پر دوبارہ ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔ آئیسولیشن میں رکھے گئے افراد سے کسی کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں ہوگی۔ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کرونا وائرس سے بچا ئوصرف اور صرف احتیاط سے ہی ممکن ہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کرتے ہیں۔ مریض کے اہل خانہ کا بھی ٹیسٹ کیا ہے جو منفی آیا تاہم نجی لیبارٹری نے مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا سے نمٹنے کیلئے تمام اقدامات کر رہی ہے،تعلیمی اداروں کو کو روناوائرس کے پیش نظر بند کیا گیا ہے، کورونا سے بچائو کیلئے احتیاط لازمی ہے،لاہور کے تمام ہسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈز قائم ہیں،80 فیصد کورونا وائرس کے مریض صحتیاب ہو جاتے ہیں۔علاوہ ازیں علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب سے آنے والے 3مسافرمشتبہ قرار دے کر آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کر دئیے گئے ۔مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے740سے جدہ سے لاہور پہنچے تھے ۔مسافر وں میں صادق محمد،حاجی دین محمد اور سلطان خان شامل ہیں ۔تینوں مسافروں کی لاہور ایئرپورٹ پر جدید تھرمو اسکینر کے ذریعے اسکریننگ کی گئی تو دوران اسکریننگ مسافروں میں تیز بخار فلو کی شکایت پائی گئی۔تینوں مسافروں کو فوری طور پر آئیسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا جس کے بعد انہیں لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔کورونا وائرس کے پھیلائو اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا ۔ چیف سیکرٹری اور وزیر صحت نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز، ماہرین صحت،ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف، علما ،ماہر نفسیات، قانون نافذ کرنے والے اداروں، اساتذہ اور شہریوں کو اس ایمرجنسی کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر، محکمہ صحت کے سیکرٹریز،ِکمشنر لاہور، بہاولپور کے علاوہ سیکرٹری فوڈ،سی سی پی او لاہور اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز،آرپی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں کہا گیا کہ صوبے بھر میں ہینڈ سینی ٹائزرکی ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے علاوہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کوکھولنے،ہر قسم کے امتحانات منعقد کرنے، مذہبی اور عوامی اجتماعات، سپورٹس فیسٹول کے انعقاد کے خلاف تین ہفتے کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے ۔تمام تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند رہیں گے، ٹیچنگ سٹاف کے داخلے پربھی پابندی ہوگی،تمام پارکس، چڑیا گھر اور دیگر تفریحی مقامات کو بھی عوام کے لئے بند رکھا جائے گا ۔ایران اور دیگر علاقوں سے زائرین کو لانے والی بسوں کو ڈس انفیکٹڈ کیاجائے گا ۔ا جلاس میں زائرین کے لواحقین کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں ویڈیوز کے ذریعے آگاہ کرنے اور علما ء کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں لاہور،ملتان اور راولپنڈی کے بعد باقی چھ ڈویژن میں ایک ایک ہسپتال کو کورانا کے مریضوں کے لئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں تمام پرائیویٹ لیبز کو حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لئے سرکاری کٹس فراہم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ یاسمین راشد نے کہا کہ کٹس فراہم کرنے کا مقصد لوگوں کو کورونا ٹیسٹ کی سستی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ نیشنل ایمرجنسی کے دوران اشیائے خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے،۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ حفاظتی اقدام کے طور پرتمام پولیس ٹریننگ سنٹرز میں ٹریننگ سیشنز کو روک دیا گیا ہے،پولیس لائنز میں جوانوں کی پریڈ پر پابندی عائد کردی گئی،پولیس لائنز میں کورونا وائرس سے متعلق آگاہی کیلئے جوانوں کی تربیت جاری ہے ،محکمہ پولیس میں ہرقسم کے محکمانہ ترقی کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ پنجاب پولیس کیلئے کالاشاہ کاکو کے قریب فوری طو رپر کورنٹین سنٹر قائم کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ گھروں کی چار دیواری کے اندر شادی بیاہ کی تقریبات کی اجاز ت ہوگی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ محکمہ صحت پنجاب نے کرونا وائرس کے حوالے سے عوام کی مدد کیلئے خصوصی ہیلپ لائن1033 قائم کردی ہے ۔علاوہ ازیں کورونا و ائرس کی وجہ سے پولیس نے شہر بھر میں ایکسرسائزجم اور سنوکرکلب بھی بند کروا دئیے ۔مالکان کا کہنا ہے کہ پولیس نے زبردستی سنوکر کلب اورجم بند کروائے ،تحریری نوٹس مانگنے پر پولیس اہلکاروں نے صرف افسران بالا کا حکم کہہ کر کاروباربند کروادیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں