جعلی اکائونٹس کیس'ملزمان کی عدم حاضری پر فرد جرم کی کارروائی موخر
شیئر کریں
احتساب عدالت نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میں تمام ملزمان کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم کی کارروائی موخر کردی ۔ منگل کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے جعلی بینک اکائونٹس کیس کی سماعت کی،پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ فاروق ایچ نائیک کی جانب سے سابق صدرآصف زرداری کو علالت کے باعث حاضری سے استثنیٰ دینے کی درخواست دائرکی گئی جو عدالت نے منظور کرلی۔تمام ملزمان کی عدم حاضری کے باعث پھر فرد جرم کی کارروائی آئندہ سماعت تک موخر کردی گئی۔جج اعظم خان کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کیس کے ملزم انور مجید کو کراچی سے لانے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرزکو خط لکھا ہے ،جبکہ ملزم زین ملک جعلی اکائونٹس سے متعلقہ تمام کیسز میں پلی بارگین کرنا چاہتا ہے ۔اس موقع پر فاروق ایچ نائیک کی استدعا پر عدالت نے نیب پراسیکیوٹرکو تمام ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی،عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کے لئے تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت تین مارچ تک ملتوی کردی۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری کو ڈاکٹر نے سفر سے منع کررکھاہے ،نیب کی جانب سے طلبی کا نوٹس جاری کرکے بلاول بھٹو کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،امید ہے چیئرمین نیب بلاول کی طلبی کا نوٹس واپس لیں گے ۔فاروق ایچ نائیک کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے خلاف جے وی اوپل کیس سے قومی خزانے کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا نیب کے نئے آرڈیننس کے تحت یہ کیس بنتا ہی نہیں ہے ۔