وزیرِ ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاکی ضمانت منظور
شیئر کریں
سندھ ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو(نیب)کے آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس میں سندھ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت منظور کر لی۔عدالت میں آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ کی 2 بیویوں، بیٹے داماد، صوبائی وزیر اویس شاہ اور دیگر ملزمان کی درخواستِ ضمانت کی سماعت ہوئی۔دورانِ سماعت وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ سمیت اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔عدالتِ عالیہ نے عبوری ریفرنس میں نامزد اور زیرِ تفتیش ملزمان کی درخواستیں علیحدہ کر دیں جبکہ نامزد ملزمان کی درخواستیں سماعت کے لیے ہائی کورٹ سکھر بینچ بھجوا دیں۔عدالت نے ہدایت کی کہ زیرِ تفتیش ملزمان کی درخواستوں پر سماعت کراچی میں ہی ہوگی۔نیب نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ صوبائی وزیرِ ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کے خلاف 2مقدمات ہیں، ان کے خلاف دوسرے کیس میں انکوائری جاری ہے ۔عدالت نے دوسرے کیس میں اویس قادر شاہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور انہیں 5لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔عدالت نے نیب حکام کو انکوئری مکمل کرنے کے لیے 20 فروری تک مہلت دے دی جبکہ خورشید شاہ کی 2 بیویوں، بیٹے ، داماد اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع دے دی۔سندھ ہائی کورٹ نے زیرِ تفتیش ملزمان کی درخواستوں پر سماعت 20فروری تک ملتوی کر دی۔