میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
احتساب کا پرندہ مر رہا ہے۔۔۔! (راؤ محمد شاہد اقبال)

احتساب کا پرندہ مر رہا ہے۔۔۔! (راؤ محمد شاہد اقبال)

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲ جنوری ۲۰۲۰

شیئر کریں

کبھی ماضی میں نیب کو دھمکی تو پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین جناب آصف علی زرداری نے لگائی تھی کہ ’’ نیب کے پر کاٹے بھی جاسکتے ہیں ‘‘ لیکن یہ کسی کے بھی وہم و گمان میں نہیں تھا کہ اِس دھمکی کو عملی جامہ احتساب کی علمبردار جماعت تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں پہنایا جائے گا اور یہ جامہ زیب تن بھی اِس شان ،آن ،بان سے کروایا جائے گا کہ ملک کے سادہ لوح عوام انگشت بدنداں رہ جائیں گے۔نیب کے قوانین میں ترامیم کا صدارتی آرڈیننس کا اچانک نفاذ ثابت کرتا ہے کہ وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان اپنے ا حتساب کے نعرہ سے نظری طور پر نہ سہی مگر عملی طور پر پوری طرح سے دستبردار ہوچکے ہیں ۔ ویسے تو تحریک انصاف کے حکومتی ترجمان اپنی لچھے دار گفتگو سے ابھی بھی صبح و شام یہ ثابت کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں کہ نیب قوانین میں ترمیم سے احتساب کے عمل پر کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوگا۔ لیکن اُن کے اس قسم کے وضاحتی بیانات پر یقین اس لیے بھی نہیں کیا جاسکتا کہ اُن کے پاس اپنی بات کو ثابت کرنے کے لیے ایک بودی سی بھی دلیل نہیں ہے۔جبکہ نیب قوانین میں جس قسم کی ترامیم کردی گئیں ہیں اُن کو پڑھنے کے بعد تو منکشف ہوتا ہے کہ احتساب کے جسم سے اُس کی روح کو ہی نکال کر باہر پھینک دیا گیا ہے ۔ یعنی صدارتی آرڈیننس کے نفاذ کے بعد احتساب بھی مکمل طور ہومیو پیتھک طرز احتساب بنا دیا گیاہے کہ جس کا نہ تو مستقبل میں حکومت کو کو ئی فائدہ ہوگا اور نہ ہی اپوزیشن کو کوئی نقصان ۔بلکہ اگر یہ کہا جائے کہ احتساب کا تماشا بنانے کی کامیاب کوشش کی گئی ہے تو کچھ بے جانہ ہوگا۔

اہم ترین سوال یہ ہے کہ آخر وزیراعظم پاکستان عمران خان کو نیب قوانین میں ترامیم کرنے کا آرڈیننس جاری کرنے کی ضرورت کیوںپیش آئی جب کہ پوری دنیا اچھی طرح سے جانتی ہے اِس آرڈیننس سے عمران خان کی ذات کو تو کسی قسم کا فائدہ ملنے والا نہیں ہے اور نہ اِس آرڈیننس کے نفاذ سے تحریک انصاف کو بطور جماعت فقیدالمثال عوامی مقبولیت حاصل ہوسکتی ہے تو پھر آخر کیوں ایک ایسا’’ احتساب شکن‘‘ اقدام اُٹھایا گیا جو صریح طور پر عمران خان کے سیاسی نظریات اور تحریک انصاف کے منشور کے یکسر مخالف ہے ۔ کہیں ایسا تو نہیں ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنی حکومت کے اتحادیوں اور اپنی جماعت میں دیگر سیاسی جماعتوں سے آنے والے’’سیاسی گماشتوں‘‘ کے ہاتھوں یرغمال بن کر بلیک میل ہورہے ہیں ۔اگر یہ اندیشہ درست ہے توپھر یقینا تحریک انصاف کے عام کارکنان کے لیے بہت ہی بُری خبر ہے ۔ویسے بھی نیب ترامیم میں آرڈیننس کے نفاذ کے بعد تحریک انصاف کے کھلاڑیوں کی ساری ’’سیاسی چہک مہک ‘‘ شدید ترین ’’سیاسی ڈپریشن‘‘ میں بدل گئی ہے۔ جب سے تحریک انصاف کی حکومت مسندِ اقتدار پر فائز ہوئی ہے تب سے اَب تک یہ پہلا موقع ہے کہ جب تحریک انصاف کے کارکنان کو اپنی جماعت کے دفاع کے لیے الفاظ تو بہت دُور کی بات ہے خیال بھی نہیں مل رہے ہیں ۔ جبکہ تحریک انصاف کے مخالفین کی جانب سے کوچہ و بازار میں کھلاڑیوں پر طرح طرح کے جملے کسے جاررہے ہیں ،بھد اُڑائی جارہی ہے اور وہ بے چارے خاموشی کے ساتھ ’’ٹک ٹک دیدم۔ دم نہ کشیدم ‘‘ کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔

کوئی مانے یا نہ مانے لیکن نیب ترمیمی آرڈیننس پر سب سے کمال کا ردعمل تو پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے آیا ہے کہ اکثر اپوزیشن رہنما فرما رہے ہیں کہ ’’عمران خان کو نیب کے پر ہر گز کاٹنے نہیں دیئے جائیں گے اور ہم اپنی آخری سانس تک نیب اور احتساب کے عمل کا تحفظ کریں گے‘‘۔ حالانکہ سچی بات تو ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں اپوزیشن رہنماؤں کو چین اور سکھ کا پہلا سانس ہی اِس آرڈیننس کے نفاذ کے بعد آیا ہے لیکن سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے مقابلہ میں ایک دوسرے کو مات دینے اور تحریک انصاف کی حکومت کو طعن و تشنیع کا نشانہ بنانے کے لیے اپوزیشن کی طرف سے تاثر یہ دیا جارہا ہے کہ جیسے احتساب کا عمل بیچ منجدھار میں رُکنے کا سب سے زیادہ افسوس بیچاری اپوزیشن کو ہورہا ہے۔جبکہ حقیقت میں ان رہنماؤں کے دل میں خوشی و شادمانی کے کتنے لڈو پھوٹ رہے ہیں اُس کا حساب کتاب تو شاید کسی عام کیلکولیٹر پر بھی لگایا نہیں جاسکتا۔ بہر حال حقیقت ِ احوال جو بھی ہو مگر ایک بات تو بالکل صاف ہے کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے تناظر میں اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے نیب کے حق میں کی جانے والی گفتگو بے چارے تحریک انصاف کے کارکنان پر بجلی بن کر گررہی ہے اور وہ دل ہی دل میں سوچ رہے ہیں کہ اُن پریہ کیسا کڑا سیاسی وقت آگیا ہے کہ اُنہیں اپوزیشن رہنماؤں کی طرف سے بھی احتساب کے فیوض و برکات پر ’’سیاسی لیکچرز‘‘ سننے کو مل رہے جبکہ اُن کی اپنی جماعت کے ترجمان احتساب کے جاری عمل میں مین میخ نکال رہے ہیں ۔

کچھ رجعت پسند جن کا خیال یہ تھا کہ چونکہ نیب آرڈیننس کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے،اس لیے ہوسکتا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ اِس آرڈیننس کے خلاف حکمِ امتناع جاری کرکے اِس کو فوری طور پر نافذ العمل ہونے سے روک دے گی ۔اُن کے لیے بھی بُری خبر یہ ہے فی الحال لاہور ہائی کورٹ نے نیب آرڈیننس کے خلاف دائر کی گئی درخواست کو یہ اعتراض لگا کر واپس کردیا ہے کہ ’’سردیوں کی تعطیلات کے باعث فوری طورپر اِس درخواست کی سماعت نہیں کی جاسکتی لہذا عدالتی تعطیلات کے اختتام پر ازسرِ نو درخواست دائر کی جائے ‘‘۔یعنی تحریک انصاف کی حکومت نے نیب آرڈیننس کے نفاذ کا وقت بھی ’’ حسنِ سیاست ‘‘ سے ایسا مناسب منتخب کیا ہے کہ احتسابی اداروں کی مدد کے لیے ’’قانون ‘‘ بھی وقت پر حرکت میں نہ آسکے ۔ جونادان دوست اب تک یہ سمجھتے رہے ہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت کے مشیرسوچ سمجھ کر کوئی کام نہیں کرتے یقینا اِس مرتبہ تو اُنہیں بھی منہ کی کھانا پڑی ہے ۔

لطف گناہ میں ملا اور نہ مزا ثواب میں
عمر تمام کٹ گئی کاوشِ احتساب میں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں