روسی بحریہ کے کمانڈر ان چیف کی لاہور،کراچی میں مصروفیات
شیئر کریں
روسی بحریہ کے کمانڈر ان چیف، ایڈمرل نکولئی اناطولیئویچ یومینوف کی دورہ پاکستان کے اختتامی مرحلے میں لاہور اور کراچی میں اہم مصروفیات جاری ہیں۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق معزز مہمان نے پاک بحریہ کی مختلف تنصیبات کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کی فیلڈ کمانڈز سے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی ۔ معززمہمان نے لاہور میں پاکستان نیوی وار کالج اور کراچی میں پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کا دورہ کیا اور مزارقائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔علاوہ ازیں روسی بحریہ کے کمانڈر ان چیف نے کراچی میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کو آرڈی نیشن سینٹر، پاکستان میرینز اکیڈمی اور پاکستان نیول اکیڈمی کا بھی دورہ کیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے لئے باہمی روابط اور مشترکہ کاوشوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔روسی بحریہ کے کمانڈر ان چیف کا یہ دورہ دونوں بحری افواج کے مابین دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہمیت کا حامل ہے ۔