عمران فاروق قتل ،برطانوی گواہان کی ویڈیو لنک سے بیان ریکارڈ کرانے کی استدعا منظور
شیئر کریں
انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈاکڑ عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی گواہوں کے ویڈیو لنک سے بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست منظور کرلی ۔ جمعرات کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران فاروق قتل کیس کی سماعت ہوئی، جج شاہ رخ ارجمند نے سماعت کی، اس موقع پر ملزمان خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کواڈیالہ جیل سے عدالت لایا گیا۔ایف آئی اے کی جانب سے مزید بتیس برطانوی گواہان کی فہرست عدالت میں جمع کرائی گی،جس میں مقتول عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ سیدہ نذر کا نام بھی شامل ہے ،ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ برطانوی فنگر پرنٹ ایکسپرٹ، فرانزک ماہرین بھی گواہوں میں شامل کئے گئے ۔ایف آئی اے پرا سیکیوٹر خواجہ امتیازنے عدالت سے استدعا کی کہ مزید برطانوی گواہوں کے ویڈیو لنک سے بیان ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں، بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بھی بیان ریکارڈ کروایا گیا تھا،وکیل صفائی نے ویڈیو لنک پر گواہوں کے بیان ریکارڈ کرنے کی مخالفت کی۔بعد ازاں فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے برطانوی گواہاںن کا ویڈیو لنک کے ذریعے بیانات ریکارڈ کرنے کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے حکام کو ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کرنے کے انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیتے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کی موجودگی میں بیان ریکارڈ ہو گا،بعد ازاں کیس کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر لندن پولیس کے چیف انویسٹیگیشن افسر اسٹیورڈ گرین وے نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا تھا۔