لاپتہ افراد کیس،قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رپورٹ طلب
شیئر کریں
سندھ ہائی کورٹ میں 40 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت میں عدالت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک ماہ میں پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں 40 سے زائد لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، دوران سماعت لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور وکیل نے عدالت کو بتایا کہ محمد موسیٰ کولاپتہ ہوئے 5 سال اور مہر بادشاہ کو 4 سال گزر گئے پر دونوں کو بازیاب نہیں کرایا جاسکا ہے ۔عدالت میں پولیس کی جانب سے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی اور بتایاگیا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کارروائی جاری ہے ، شہریوں کی بازیابی کے لیے دیگر صوبوں سے بھی رابطہ کیا ہے ۔کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے سندھ حکومت، آئی جی سندھ اور دیگر کو لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے لاپتہ شہریوں کو بازیاب کراکر ایک ماہ میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔