آمدن سے زائد اثاثے ،خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں5روز کی توسیع
شیئر کریں
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سکھر سید شرف الدین شاہ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں گرفتار پاکستان پیپلزز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں نیب سکھر کے حوالہ کر دیا۔ احتساب عدالت کے جج امیر علی مہیسر کے دو روز کے لئے چھٹی پرہونے کی وجہ سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سکھر سید شرف الدین شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت خورشید کو ہسپتال ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا تاہم عدالت کے حکم پر خورشید شاہ کو ایمبولینس کے زریعہ ایک گھنٹے کے بعد ہسپتال سے عدالت لایا گیا اورویل چیئرپر عدالت میں پیش کیا گیا ۔ عدالت کے جج نے دوران سماعت خورشید شاہ سے پوچھا کہ کیا انہیں کوئی پریشانی ہے اس پرخورشید شاہ نے سر ہلا کر بتایا کہ انہیں کوئی پریشانی نہیں ہے ۔ عدالت نے پیشی کے بعد خورشید شاہ کو ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 9 نومبر کو احتساب عدالت میں پیش کرنے کاحکم دیا ہے ۔