میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
منتخب وزیراعظم ہوں،استعفیٰ نہیں دوں گا،عمران خان

منتخب وزیراعظم ہوں،استعفیٰ نہیں دوں گا،عمران خان

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۴ اکتوبر ۲۰۱۹

شیئر کریں

وزیراعظم عمران خان نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ منتخب وزیراعظم ہیں، کسی صورت استعفیٰ نہیں دینگے ۔وزیر اعظم کی اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے ملاقات ہوئی جس میں مسئلہ کشمیر، پاک بھارت کشیدہ صورتحال، افغان امن عمل اور ایران سعودی عرب تنازع سمیت اہم معاملات پر گفتگو کی گئی۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے صورتحال ابھی کشیدہ ہے ۔ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران اور سعودی وزرائے خارجہ کی اسلام آباد میں ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں۔

کوشش ہے دونوں ممالک کے درمیان تنا وکم ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ سعودی عرب اور ایران میں جنگ ہو لیکن پاکستان کی کوشش ہے کہ سعودی عرب اور ایران میں مصالحت کرائی جائے ۔وزیراعظم نے کہا کہ معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ، روپے کی قدر مزید مستحکم ہوگی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے دھرنے اور مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں بڑا فرق ہے ، ایسا لگتا ہے مولانا فضل الرحمان کے پیچھے بیرونی قوتیں ہیں، ان کا چارٹر آف ڈیمانڈ واضح نہیں پھر بھی ہم آزادی مارچ کی اجازت دیں گے ، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کل فضل الرحمان سے ملاقات کرے گی۔ اپوزیشن مائنس ون کے ایجنڈے پرکام کر رہی ہے لیکن میں واضح الفاظ میں کہتا ہوں کہ اپوزیشن کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دوں گا۔

اور اس طرح چھوڑ کر نہیں جاؤں گا، ملک کو مشکلات سے نکال کر دکھاؤں گا، مہنگائی اور بیروزگاری بہت بڑا مسئلہ ہے ، اس پر کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے این آر او کیلئے سب کچھ کیا جا رہا ہے لیکن حکومت کسی قسم کا این آر او نہیں دے گی۔ کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا میڈیا بلیک آؤٹ نہیں ہونا چاہیے ،وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ چار حلقوں کے ثبوت لیکر میں پھرتا رہا۔

ہم اپوزیشن کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کرینگے ۔ عمران خان نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اس پر کام کررہے ہیں۔ آزادی مارج کی ٹائمنگ بہت شوکنگ ہے ، ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف مجھ سے پوچھ کر بزنس مینوں سے ملے تھے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت پلوامہ جیساا یک اورڈرامہ رچاسکتاہے ، اس حوالے سے آرمی چیف کو کہا ہے کہ فوج کو مکمل طور پر تیار رکھیں،وزیراعظم نے نواز شریف کے حوالے سے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو کہا ہے کہ نواز شریف کو علاج کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں،جہاں تک باہر جانے کا تعلق ہے تو وہ فیصلہ عدالت کو کرنا ہے ، مریم نواز کو نواز شریف سے ملنے کی اجازت دینے کا فیصلہ عدالت کا کام ہے ۔پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک امریکاتعلقات باہمی اعتماد پرقائم ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک فوج اس وقت منتخب حکومت کیساتھ کھڑی ہے ،پاک فوج حکومت کی ہرپالیسی کے ساتھ کھڑی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں