کراچی سرکلرریلویز کے حوالے سے فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے 12 رکنی کمیٹی قائم
شیئر کریں
چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت کراچی اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن لمیٹیڈ بورڈ کا اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایس ریلویز کراچی، سینئر جی ایم ریلوے ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر سمیت ریلویز اور حکومت سندھ کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کراچی اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن لمیٹڈ کو پاکستان ریلوے سے حکومت سندھ کے حوالے کرنے کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کے یو ٹی سی ایل کو پاکستان ریلوے سے حکومت سندھ کے حوالے کرنے کے لیے کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ قانونی پیچیدگیوں کو دور کرنے کے لئے 6 ہفتے میں کنسلٹنٹ مقرر کیا جائے اور کنسلٹنٹ کی تقرری کے بعد ہدایت دی جائے کہ 8 ہفتوں میں مکمل کرے ۔ انہونے مزید کہا کہ کے یوٹی سی ایل کا کنٹرول ملنے کے بعد کراچی سرکلر ریلویز کے انتظامات حکومت سندھ سنبھال سکے گی۔ حکومت سندھ نے کراچی سرکلر ریلویز کے حوالے سے فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے 12 رکنی کمیٹی قائم کردی۔کمیٹی میں حکومت سندھ اور پاکستان ریلویز کے 6، 6 افسران شامل ہوں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ یہ کمیٹی سرکلر ریلویز کے لیے زمین اور دیگر مسائل کے حل کے حوالے سے سفارش پیش کرے ۔