وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں چین کے صدرشی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے مجموعی دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا۔دفتر وزیر اعظم سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے وفود کے ہمراہ ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر پیش کردہ موقف پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بالخصوص چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے موقف کا تذکرہ کیا جو انہوں نے اقوامِ متحدہ میں پیش کیا اور کہا کہ آپ نے ہر جگہ ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا۔وزیراعظم نے چینی صدر کو پاکستان کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سخت ترین معاشی حالات سے نکل گیا ہے اور اس سلسلے میں چین نے جو مالی تعاون کیا اس کو ہم کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے حمایت فراہم کرنے کے لیے کبھی ہمارے قومی مفاد کے خلاف کسی چیز کا مطالبہ نہیں کیا اور ہماری غیر مشروط مدد کی۔ان کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان کو سخت معاشی حالات سے باہر آنے کا موقع فراہم کیا اس کے ساتھ وزیر اعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت فراہم کیے گئے تعاون کو سراہا۔وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو چین کی آزادی کے 70 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سدا بہار ہے ، علاوہ ازیں وزیراعظم نے بھرپور خیر مقدم کرنے پر بھی صدر شی جنگ پنگ کا شکریہ ادا کیا۔دورانِ ملاقات چینی صدر نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے تعلقات کے حوالے سے بات کرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی اور کہا کہ دونوں ممالک کے قریبی دوستانہ تعلقات ہیں جو مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بھی کرتے ہیں قبل ازیں صدر شی جنگ پنگ نے وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وفاقی وزرا شریک ہوئے ۔ وزیراعظم نے چینی صدر سے پاکستانی وفد کا تعارف کروایا۔