منشیات برآمد گی کیس ،رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 روز کی توسیع
شیئر کریں
لاہور کی انسداد منشیات عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں نو روز کی توسیع کردی۔ عدالت نے اے این ایف کی جانب سے رانا ثنااللہ پر فرد جرم عائد کرنے کی درخواست پرنوٹس جاری کردیئے ۔ بدھ کو منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار ملزم رانا ثنااللہ کو سات روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد انسداد منشیات عدالت کے ڈیوٹی جج خالد بشیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ رانا ثنااللہ کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے موقف اختیار کیا کہ فوٹیجز محفوظ کر لی گئی ہیں۔ فوٹیجز ضائع ہونے کا اندیشہ ختم ہو گیا ہے ۔ اے این ایف کی جانب سے بنائی گئی تمام سٹوری جھوٹی ہے ۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز ہمارے موقف کو درست ثابت کرتی ہیں۔ اے این ایف پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ اس ریکارڈ کو عدالت میں پیش کیا جائے ۔ یہ باہر جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے ۔ اگر ڈیوٹی جج ٹرائل سن سکتا ہے تو پھر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی جائے ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں اٹھارہ اکتوبر تک توسیع کردی۔ ڈیوٹی جج نے رانا ثنااللہ پر فرد جرم عائد کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کردیے۔