عالمی بینک پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر دے گا
شیئر کریں
عالمی بینک اپنے جاری پروگرام کے تحت رواں مالی سال مختلف منصوبوں کیلئے پاکستان کو1.5 بلین ڈالر کی رقم دے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر برائے منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار سے کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک پاچاموتھو نے ملاقات کی جس میں خسرو بختیار نے بتایا کہ غیر ملکی مالی مدد سے جاری منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی لانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، فیصلہ کیا گیا ہے کہ غیر ملکی مالی مدد سے جاری منصوبوں کا اب ہر ماہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا۔کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک کا کہنا تھا کہ عالمی بینک اپنے جاری پروگرام کے تحت رواں مالی سال مختلف منصوبوں کے لئے پاکستان کو 1.5 بلین(ڈیڑھ ارب)ڈالر کی رقم دے گا اور عالمی بینک پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔قبل ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر شکسن چن نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر خسرو بختیار نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے فنڈ کیے جانے والے منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے ملک کے ترقیاتی اور سماجی و معاشی اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے انفراسٹرکچر اور دیگر شعبہ جات میں تعاون کو سراہتے ہیں اور بینک کی طرف سے آئندہ 3 سال کے دوران پاکستان کے مختلف منصوبوں کے لیے 7.5 ارب ڈالرز مختص کئے جانے پر شکر گزار ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک کلین اینڈ گرین پاکستان، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، ہائر ایجوکیشن، ہاسنگ اور پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے لیے تعاون پر غور کر سکتا ہے ۔نائب صدر ایشیائی ترقیاتی بینک شکسن چن کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان کے ساتھ مضبوط اور پائیدار تعلقات ہیں، بیرونی امداد کے منصوبوں کی منظوری کے عمل کو تیز کرنے پر پلاننگ کمیشن کے کردار کو سراہتے ہیں۔