کشمیر پاکستان یکجان، پاکستان کے یوم آزادی کا اعلان
شیئر کریں
پا کستان کا73 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے اور یوم یکجہتی کشمیرکے طور پر منایا جارہا ہے، تاکہ مقبوضہ جموں اور کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے جن کی خصوصی حیثیت کو رواں ماہ کے آغاز میں ایک ظالمانہ صدارتی حکم نامے کے ذریعے بھارتی حکومت نے ختم کردیا تھا۔حکومت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم آزادی کے موقع پر خصوصی لوگو جاری کیا جس میں کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ درج ہے ۔دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعاوں سے ہوا جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بھارتی غلامی سے نجات کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔جس کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں، کوئٹہ، کراچی، لاہور اور پشاور سمیت گلگت اور مظفر آباد میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس مو قع پر پاک فوج کے جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آبادمیں ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر مملک عارف علوی تھے جب کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت غیر ملکی سفیر اور دیگر اعلی سول و عسکری قیادت بھی موجود تھے ،صدر عارف علوی نے کنونشن سینٹر میں قومی پرچم لہرایا اور اس موقع پر قومی ترانہ بھی پڑھا گیا جبکہ شہداء کو خرا ج عقیدت ادا کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ زیر حراست حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کشمیر کے حوالے سے اپنی خوبصورت نظم پڑھ کر سنائی ، جبکہ تقریب میںملی نغمے پیش کیے گئے ،بعد ازاں کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں۔ نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے ، اس تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور عرفان تاج تھے ۔ مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالنے والا اعزازی گارڈز کا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے 48 بہترین کیڈٹس پر مشتمل ہے ۔لیفٹیننٹ کمانڈر محمد فیضان نے مزار قائد پر پریڈ کمانڈر کے فرائض انجام دیے ۔ پاک بحریہ کے کموڈورعرفا ن تاج نے گارڈآف آنرکامعائنہ کیا اوربابائے قوم کوسلامی دی۔مہمان خصوصی نے مزارپرپھول چڑھائے ،فاتحہ پڑھی اورمہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبندکیے ،علاوہ ازیں لاہور میں مزار اقبال پر پاک فوج کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے جہاں جنرل آفیسر کمانڈنگ لاہور محمد یوسف تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔دونوں مقامات پر مہمانوں نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ملک بھر میں یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے خصوصی تقریبات اورسیمینارز کا انعقاد کیا گیا جس میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح سمیت دیگر اہم شخصیات کی جدوجہد آزادی کیلئے انتھک کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔پاکستان سمیت دنیا بھرمیں جہاں جہاں پاکستانی مقیم ہیں نے 14اگست کو 73واں یوم آزادی کشمیر بنے گا پاکستان کے جوش وجذبے کے تحت منا یا،ملک بھر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہارہے ، اس سلسلہ میں اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرانے کے علاوہ انہیں برقی قمقموں سے سجایا گیا عوام کی جانب سے بھی یومِ آزادی منانے کیلئے گھروں پر قومی پرچم لہرا دیے گئے جبکہ گلی محلوں کو خوبصورت جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ،پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بدھ کے دن کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرلیے تھے ۔ داخلی اور خارجی راستوں پر اہلکاروں کی تعداد بڑھا کر انہیں ہائی الرٹ رکھا گیا ،یوم آزادی پر اپنے پیغام میں صدرعارف علوی نے کہا ہے بھارتی حکومت کا کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کایکطرفہ فیصلہ گھنانی سازش اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور شملہ معاہدہ کی سنگین خلاف ورزی ہے ، بھارت جان لے آزادی کی تحریکوں کواوچھے ہتھکنڈوں اورجبر و ستم سے دبایا نہیں جا سکتا۔وزیراعظم عمران خان نے اندرون و بیرون پاکستانیوں کو مبارکبادی پیغام میں کہا آج ہم سب اس عزم کا اعادہ کریں کہ ترقی یافتہ اور خوشحال مملکت بنانے کیلیے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔یوم آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی جشن آزادی منانے کے لیے فیملیز اور منچلوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، شہری گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر گھومنے لگے اور پاکستان زندہ باد کے ساتھ ساتھ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگاتے رہے ۔ کچھ نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالتے رہے اور گاڑیوں کو شاہراہوں کے درمیان کھڑی کرکے گانوں کی دھنوں پر رقص کرتے رہے ۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی دبانے کے لیے جو یک طرفہ اقدام کیا ہے اس نے پوری پاکستانی قوم کو جگا دیا اور ہرپاکستانی نے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے قومی پرچم کے ساتھ آزاد کشمیر کا پرچم بھی لہرا یا،شہریوں کا کہنا ہے ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں جب کہ بچوں کا جوش و جذبہ بھی دیدنی ہے ۔دنیا بھر کی طرح پاکستانی قوم نے بھی تحریک آزادی کشمیر کے خلاف بھارتی ہتھکنڈے مسترد کردیے ہیں اور اس بار یوم آزادی کو بطور یکجہتی کشمیر منانے کا عزم کیا تھا۔