میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سپریم کورٹ ،کے الیکٹرک کوکے ایم سی ہیڈ آفس اور کے ایم سی کے پارکس کی بجلی بحالی کا حکم

سپریم کورٹ ،کے الیکٹرک کوکے ایم سی ہیڈ آفس اور کے ایم سی کے پارکس کی بجلی بحالی کا حکم

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۰ جولائی ۲۰۱۹

شیئر کریں

سپریم کورٹ آف پاکستان نے کے الیکٹرک کو کے ایم سی ہیڈ آفس اور کے ایم سی کے پارکس کی بجلی بحال کرنے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت نے باغ ابن قاسم، ہل پارک اور جھیل پارک سمیت تمام پارکس کی بجلی بحال کرنے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت نے قرار دیا کہ کے ایم سی ہیڈآفس اور پارکوں کی بجلی منقطع ہونے سے شہری نظام خراب ہو جائے گا۔ کے ایم سی کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایک آئینی درخواست دائر کی گئی تھی۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سید سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت کے ایم سی حکام نے عدالت کو بتایا کہ کے الیکٹرک نے ایک ارب 70کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر کے ایم سی ہیڈآفس، جھیل پارک، باغ ابن قاسم، ہل پارک کی بجلی منقطع کر دی ہے جس کی وجہ سے نظام درہم برہم ہو گیا اور شہریوں کو مشکلات کا سامناہے ۔ دوران سماعت کے الیکٹر ک کے وکیل کا کہنا تھا کہ کے ایم سی نے اپریل اور مئی کے مہینوں کا بل بھی ادا نہیںکیا۔ جبکہ کے ایم سی حکام کا کہنا تھا کہ انہیں 70کروڑ روپے خسارے کا سامنا ہے ۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ پارکوںمیں جو بجلی استعمال ہو رہی ہے وہ کن مقاصد کے لیے استعمال ہو رہی ہے ۔ اس پر کے الیکٹرک کے وکیل کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے افسران اور ملازمین کے گھروں میں بھی مفت بجلی استعمال ہوتی ہے ۔عدالت نے کے الیکٹر ک کو فوری بجلی بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ 24 جولائی تک بجلی کو بحال رکھا جائے اس کے بعد آئندہ سماعت پر معاملہ پر فیصلہ کیا جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں