افغان صدر اشرف غنی دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
شیئر کریں
افغان صدر اشرف غنی پاکستان کے دو روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے ۔افغان صدر اشرف غنی کا اسلام آباد ائیرپورٹ پر مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے استقبال کیا۔افغان صدر کے ہمراہ افغان سفیر عاطف مشعال اور دفترخارجہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود ہیں۔ اسلام آباد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان صدر نے ملاقات کی ہے جس میں افغان مفاہمتی عمل اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں صدر اشرف غنی نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا جبکہ معیشت اور عوامی رابطوں میں اضافے پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں ملکوں میں مواصلات، توانائی، ثقافت، عوامی روابط اور امن و اخوت کیلئے وضع کردہ حکمت عملی کو عوام کی بہتری اور بہبود کیلئے بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اشرف غنی کے دورہ سے دونوں ممالک مزید قریب آئیں گے ، دورے سے دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں مدد ملے گی۔