مریم نواز کی نائب صدارت، نون لیگ سے جواب طلب
شیئر کریں
چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے مریم نواز شریف کی بطور نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)تعیناتی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ علی بخاری کی درخواست پر سماعت 25جون تک ملتوی کر دی۔ پیر کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے مریم نواز کو ( ن) لیگ کی نائب صدارت سے ہٹانے کی درخواست کی سماعت کی ، مریم نواز کی جانب سے بیرسٹر ظفراللہ خان اور جہانگیر خان جدون بطور وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔ دونوں وکلاء نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ مریم نواز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن کی کاپی اور ان کے عہدے کو چیلنج کرنے کی درخوا ست کی کاپی فراہم کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی تک در خواست کی کاپی نہیں ملی ، درخواست کی کاپی ملے گی تو جوب دیں گے ۔ جبکہ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ نوٹیفکیشن کی کاپی تو (ن)لیگ کے پاس ہونی چاہئے تھی، کیا یہ انکار کر رہے ہیں کہ مریم نواز ان کی پارٹی کی نائب صدر نہیں ہیں۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی مریم نواز کے وکلاء کو درخواست کی کاپی اور متعلقہ ریکارڈ فراہم کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 25جون تک ملتوی کر دی ہے ۔