کرتارپور راہداری منصوبے پر 50 فیصد سے زیادہ کام مکمل کر لیا، دفتر خارجہ
شیئر کریں
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری منصوبہ پر 50فیصد سے زیادہ کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ٹرمینلز اور سڑکوں کی تعمیر پر خاطر خواہ کا م ہو چکا ہے۔ بھارت کے ساتھ کچھ معاملات پر تاحال اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔نجی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کرتارپور راہداری منصوبہ پر 50فیصد سے زیادہ کام مکمل کر لیا ، کرتارپور راہداری کے لیے ٹرمینلز اور سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے خاطر خواہ کام ہو چکا ہے ۔ ا نہوں نے کہا کہ پاکستان کو بتایا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے بھی انفراسٹرکچر کی تعمیر کا کام جاری ہے مگر بھارت کے ساتھ کچھ معاملات پر اتفاق رائے نہیں ہے ۔ بھارت پانچ ہزار سکھ یاتریوں کی روزانہ کی بنیاد پر آمد چاہتا ہے مگر پاکستان کے لیے ایک روز میں اتنے زیادہ سکھ یاتریوں کے لیے انتظامات کرنا مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سکھ یاتریوں کی پیدل گوردوارہ دربار صاحب آمد کا خواہشمند ہے جبکہ پاکستان چاہتا ہے کہ انہیں ٹرانسپورٹ کے ذریعہ یہاں لے کر آیا جائے ایسے میں جو پیدل چلنے والے ہیں انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا ہو گا اور اس حوالے سے ابھی بات چیت ہو گی ۔ ا نہوں نے کہا کہ 16اپریل کو دونوں ملکوں کے درمیان تکنیکی مذاکرات ہونے جا رہے ہیں جس میں دریا پر پل کی تعمیر سمیت دیگر تکنیکی پہلوئوں کا جائزہ لیا جا ئے گا۔