حمزہ شہباز نے نیب کے وارنٹ گرفتاری لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیے
شیئر کریں
حمزہ شہباز نے نیب کے وارنٹ گرفتاری لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیے۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے درخواست میں موقف اپنایا کہ نیب نے غیر قانونی طور پر چھاپہ مارا، لاہور ہائیکورٹ گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کا کہہ چکی ہے ۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ وارنٹ گرفتاری کو فوری معطل کیا جائے اور نیب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ادھر نیب حکام نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے محافظوں کے خلاف لاہور ماڈل ٹائون تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا ہے ۔ مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، تشدد اور اسلحہ تاننے کی دفعات لگائی گئیں۔مقدمہ نیب کے ڈرائیور ممتاز حسین کی مدعیت میں حمزہ شہباز کے ذاتی گارڈ کے خلاف درج کیا گیا ہے ۔ مقدمے کے مطابق نیب کی جانب سے ملزم حمزہ شہباز ولد شہباز شریف کے گھر گرفتاری کے لیے نیب افسران کے ہمراہ چھاپہ مارا، چھاپہ کے دوران حمزہ شہباز کے گارڈ نے اسلحہ تان لیا۔مقدمے میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کے گارڈز نے نیب ٹیم کو تشدد کا نشانا بنایا اور گاڑی سے اتار کر زدو کوب کیا۔ نیب حکام نے واقعے کے خلاف گزشتہ روز درخواست جمع کروا دی تھی جس پر باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا۔