
منی لانڈرنگ کیس ، زرداری و فریال کی عبوری ضمانت میں 11مارچ تک توسیع
شیئر کریں
کراچی کی بینکنگ کورٹ کے جج طارق کھوسہ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں 11ملزمان کی عبوری ضمانت میں 11مارچ تک توسیع کر دی جبکہ عدالت نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ آصف علی زرداری قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے ۔ جبکہ عدالت نے کیس اسلام آباد منتقل کرنے کے حوالہ سے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جانب سے لکھے گئے خط کی کاپیاں ملزمان کے وکلاء کو فراہم کردیں۔ دوران سماعت آصف علی زرداری کی ہمشیرہ ڈاکٹر فریال تالپور اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔ جبکہ حسین لوائی اور عبدالغنی مجید کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر بختیار چنا بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے آصف علی زرداری سمیت 11 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 11مارچ تک توسیع کر دی۔کیس کی سماعت کے موقع پر سہیل انور سیال، ضیاء الحسن لنجار، وقار مہدی اور دیگر پی پی پی رہنما بھی کمر ہ عدالت میں موجود تھے ۔