پاکستان کا بھارت کو سرپرائز، 2 جنگی طیارے مار گرائے ، ایک پائلٹ گرفتار
شیئر کریں
پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی طیارے مارے گرائے جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھارت کو جواب دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایئر فورس کے طیاروں نے کارروائی کی جس کے نتیجے میں 2 بھارتی لڑاکا طیارے تباہ ہوگئے ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فضائیہ نے اپنی حدود میں کارروائی کی، ایک بھارتی طیارہ آزاد جموں کشمیر اور دوسرا طیارہ مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ پاک فضائیہ کے دستوں نے ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرلیا جبکہ 2 وہاں علاقے میں ہی موجود ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی لڑاکا طیاروں نے جموں کشمیر کے ضلع راجوڑی میں نوشہرہ سیکٹر کے قریب دو لڑاکا طیارے مار گرائے ۔
دفتر خارجہ کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستانی فضائیہ نے پاکستانی حدود کے اندر سے کنٹرول لائن کے پار کارروائی کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ بھارت کی مسلسل جارحیت کا جواب نہیں تھا، پاکستان نے نان ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا ۔دفتر خارجہ کے مطابق کارروائی کا واحد مقصد اپنے دفاع کے حق کا استعمال اور صلاحیتوں کا اظہار تھا، پاکستان کا مقصد ہرگز کشیدگی میں اضافہ نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی طیاروں پر فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا جارہا ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ تین پاکستانی لڑاکا طیارے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوئے ۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بھارتی لڑاکا طیارے میں سوار 2 پائلٹ ہلاک ہوگئے ۔یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ ہمارا جواب مختلف ہوگا، بھارت سرپرائز کا انتظار کرے ۔