میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ کے نیب زدہ بیورو کریٹس اور  سیاستدانوں کے فرار کی تیاری

سندھ کے نیب زدہ بیورو کریٹس اور سیاستدانوں کے فرار کی تیاری

ویب ڈیسک
هفته, ۹ فروری ۲۰۱۹

شیئر کریں

پنجاب میں نیب کی جانب سے کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے میں ملوث بڑی شخصیات کی گرفتاری کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں نیب زدہ بیوروکریٹس اور سیاست دانوں میں خوف کی فضا پھیل گئی ہے اور انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہونے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

بہت سے سیاستدانوں نے بیرون ملک جانے کے لیے ٹکٹیں بک کرا لی ہیں جبکہ جن سیاست دانوں اور بیورو کریٹس کے نام ای سی ایل میں شامل ہیں وہ سمندری راستوں سے دبئی اور دوسرے ممالک فرار ہونے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ اطلاعات کے مطابق سیکورٹی اداروں نے بھی فرار سے روکنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق کرپشن کے حوالے سے نیب کے احتسابی ریڈار پر اس وقت سندھ کے موجودہ اور سابق وزرائے اعلیٰ اور اسپیکر سندھ اسمبلی سمیت پیپلز پارٹی کی کئی اہم شخصیات موجود ہیں۔ پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کی گرفتاری کے بعد سندھ کے بہت سے اہم سیاست دانوں، سندھ کابینہ کے ارکان، ایم پی ایز اور صوبے کی حکمراں جماعت سے وابستہ شخصیات میں سراسیمگی پھیل گئی ہے اور انہوں نے گرفتاریوں سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہونے کی تیاری کرلی ہے۔

نیو سندھ سیکریٹریٹ میں موجود سینئر بیورو کریٹس جن میں انتظامی محکموں کے سیکریٹریز بھی شامل ہیں پنجاب میں ایک ہائی پرو فائل گرفتاری کے بعد سندھ میں نیب کے ممکنہ آپریشن کے حوالے سے سرگوشیوں میں گفتگو اور تبادلہ خیال کرتے پائے گئے۔

بہت سے بیوروکریٹس کاکہنا تھا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران وہ برسراقتدار لوگوں کی سیاسی خواہشات کو پورا کرنے پر مجبور تھے اور اب احتساب اور جوابدہی کے عمل سے انہیں گزرنا پڑ رہا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ممکنہ گرفتاریوں کے خوف سے بہت سی سیاسی شخصیات جن میں ارکان سندھ اسمبلی بھی شامل ہیں نے اس وقت اپنی نقل و حرکت محدود کر دی ہے، پیپلزپارٹی کے کئی ارکان سندھ اسمبلی رواں اجلاس میں بھی شریک نہیں ہورہے یا ان کی شرکت بہت کم نظرآتی ہے،

ان میں سابق وزیر بلدیات جام خان شورو، سابق وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال، علی حسن زرداری، محمد علی ملکانی، شاہد عبدالسلام تھہیم، طارق مسعود آرائیں، گیان چند اسرانی اور محمد علی ملکانی شامل ہیں جبکہ سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور بھی باقاعدگی سے سندھ اسمبلی کے رواں اجلاس میں شرکت نہیں کر رہی ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں