علیمہ خان کو ٹیکس بقایا جات کی عدم ادائیگی پر دوبارہ نوٹس، 7فروری تک مہلت
شیئر کریں
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے دبئی میں فلیٹس چھپانے پر عائد ٹیکس کے بقایہ جات کی عدم ادائیگی پر وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 7فروری تک مہلت دیدی ۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان نے دبئی میں 28 لاکھ 78 ہزار درہم سے زائد مالیت کا فلیٹ خریدا تھا ،ایف بی آر نے علیمہ خان پر ٹیکس اور جرمانہ کی مدمیں 2کروڑ 94 لاکھ روپے عائد کیے تھے ۔
علیمہ خان نے ایف بی آر کو 13 جنوری کو73لاکھ روپے کی ادائیگی کردی تھی اور ایف بی آر سے 2کروڑ21لاکھ روپے کی ادائیگی کیلئے 21جنوری تک مہلت مانگی تھی لیکن ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجودبقیہ رقم تاحال ادانہیں کی گئی۔
علیمہ خان نے 2کروڑ21لاکھ روپے کی قسطوں میں ادائیگی کیلئے چیئرمین ایف بی آر کو درخواست بھی دی تھی جس پر کوئی فیصلہ نہ ہو سکا ۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے علیمہ خان کو ٹیکس بقایہ جات کی عدم ادائیگی پر نوٹس جاری کر دیا ہے اور بقیہ ٹیکس کی ادائیگی کے لیے 7 فروری تک کی مہلت دے گئی ہے ۔