فواد چودھری کا سندھ مشن، وزیراعلیٰ مستعفی ہو جائیں، وزیر اطلاعات
شیئر کریں
تحریک انصاف کی حکومت نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہر حال میں مستعفی ہونے پر مجبور کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق سندھ میں کسی بھی تبدیلی کے لیے سب سے اہم کردار ادا کرنے والے جی ڈی اے کے سردار علی گوہر مہر سے وزیراعظم کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں سندھ کی موجودہ سیاسی صورت حال پر آئندہ کے امکانات پر بات ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سردار علی گوہر مہر کی جانب سے دورۂ گھوٹکی کی دعوت بھی قبول کر لی ہے۔ دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اس ضمن میں اپنا سندھ مشن آج سے شروع کریں گے۔فواد چودھری اپنے تین روزہ دورۂ سندھ میں کراچی ، بدین ، سکھر اور لاڑکانہ کے دورے کریں گے جس میں وہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کے علاوہ بھی انتہائی اہم ملاقاتیں کریں گے۔وزیراطلاعات سندھ مشن کے دوران میں پیر پگاڑا، لیاقت جتوئی، ذوالفقار مرزا ، فہمیدہ مرزا، ایاز پلیجو اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ فواد چوہدری نے دورۂ سندھ سے قبل کہا ہے کہ میں اتحادیوں کے ساتھ مشاورت میں سندھ کے معاملات پر اتفاق رائے پیدا کروں گا، پیپلز پارٹی کسی اور کو وزیر اعلیٰ بنالے تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جعلی اکاؤنٹس کیس اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی میں مرکزی ملزم ہیں اس لیے وہ مستعفی ہوجائیں۔