منی لانڈرنگ کے خلاف ملکی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن شروع کرنیوالے ہیں، عمران خان
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ کیخلاف ملکی تاریخ کے سب سے بڑے آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ سے کل سے چیخیں آنا شروع ہوگئی ہیں، یہ چیخیں منی لانڈرنگ کی ہیں،ملک کے بڑے مسائل منی لانڈرنگ کی وجہ سے ہیں، اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پاکستان سے سالانہ 10 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہورہی ہے،آئی ایم ایف کے پاس جانے کی جلدی نہیں، آئی ایم ایف پاکستان کو بہتر شرائط پر قرضہ دے گا۔جمعہ کو وزیراعظم آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے مسائل منی لانڈرنگ کی وجہ سے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پاکستان سے سالانہ 10 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہورہی ہے اور ہم منی لانڈرنگ کیخلاف ملکی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ سے کل سے چیخیں آنا شروع ہوگئی ہیں، یہ چیخیں منی لانڈرنگ کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چار ماہ بڑے مشکل گزارے ہیں، بجلی، گیس اور پی آئی اے سمیت ہر جگہ خسارہ ہی خسارہ تھا، اب بھی پاکستان کو چیلنجز درپیش ہیں تاہم بحرانی صورتحال نہیں، میں جتنا آج مطمئن ہوں پہلے نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ سارے مسائل کی وجہ بد انتظامی ہے، اسے درست کرلیں تو مسئلے حل ہوجائیں گے، ماضی میں اسٹرکچرل اصلاحات پر کسی نے عمل نہیں کیا۔وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے مالی امداد سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کی کوئی جلدی نہیں، آئی ایم ایف پاکستان کو بہتر شرائط پر قرضہ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف آمدن بڑھانے اورخرچے کم کرنے پر زور دیتا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے امریکا سمیت پوری دنیا سے تعلقات بہتر ہورہے ہیں، بھارت کیساتھ تعلقات میں بھی بہتری آرہی ہے، اس میں صرف رکاؤٹ یہ ہے کہ بھارت میں الیکشن ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان 12 کروڑ نوجوانوں کی آبادی پر مشتمل ہے، ہم غربت کے خاتمے کیلئے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام لارہے ہیں، میں جلد اس حوالے سے جامع پروگرام کا اعلان کروں گا۔