میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
علی رضا عابدی نامعلوم افراد کی فائرنگ میں جاں بحق

علی رضا عابدی نامعلوم افراد کی فائرنگ میں جاں بحق

ویب ڈیسک
منگل, ۲۵ دسمبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

سابق رکن قومی اسمبلی اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما علی رضا عابدی نامعلوم افراد کی فائرنگ میں جاں بحق ہوگئے ۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس کے خیابان غازی میں علی رضا عابدی پر ان کے گھر کے باہر 2 موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کی ۔فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب46سالہ علی رضا عابدی خود گاڑی ڈرائیور کرکے گھر پہنچے تھے ،گاڑی سے اترے ہی تھے کہ انہیں 5 گولیاں ماری گئیں،جن میں سے 3گولیاں ان کے سر ،ایک گردن اور ایک پیٹ میں لگی۔
پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان ڈیفنس فیز فائیو میں واقع ان کے گھر کے باہر گھات لگاکر بیٹھے ہوئے تھے ،دفتر سے گھر پہنچنے پر گاڑی سے اترتے ہی ملزمان نے خود کار ہتھیار سے علی رضا عابدی پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق علی رضا عابدی کو ان کے والد اخلاق عابدی نے انتہائی تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال لے گئے ،جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔والد اخلاق رضا عابدی نے جیو نیوز کو بتایا کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے ،علی رضا عابدی کوتشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ کچھ ہی دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔افسوسناک واقعے کی اطلاع جنگل کی آگ کی طرح کراچی سمیت پورے ملک میں پھیل گئی،پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری فوری موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کئے ۔
ایس ایس پی ساوتھ طارق دھاریجو نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جائے وقوع سے مختلف اقسام کی گولیوں کے خول ملے ہیں، اسلحے کا تعین فارنزک کے بعد کیا جاسکے گا۔بعد میں علی رضا عابدی کی میت پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال لائی گئی، جہاں ایکسرے کے بعد ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ انہیں تین گولیاں سر میں، ایک گردن میں اور ایک پیٹ میں لگی۔وزیراعظم عمران خان ،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے علی رضا عابدی کے قتل کی مذمت کی اور اس حوالے سے اتبدائی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔علی رضا عابدی نے رواں برس 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں این اے 243 میں وزیراعظم عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑا تھا،وہ ووٹوں کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہے تھے ۔کراچی میں کئی دونوں سے دہشت گری کی لہر میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ،گزشتہ دونوں پاک سرزمین پارٹی کے مقامی دفتر پر فائرنگ میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں