میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب انتقال کر گئے،حکومتی ، سیاسی اور سماجی شخصیات  کا اظہارتعزیت

تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب انتقال کر گئے،حکومتی ، سیاسی اور سماجی شخصیات کا اظہارتعزیت

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۸ نومبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب 96سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے،انہیں ڈینگی بخار کی شکایت پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جبکہ وہ سانس اور سینے کی تکلیف میں بھی مبتلا تھے، طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ گزشتہ روز اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ، وزیراعظم عمران خان ،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اعلی سردار عثمان بزدار، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی ، مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف،جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ، وفاقی و صوبائی وزراء اور دیگر شخصیات کی جانب سے حاجی عبد الوہاب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ۔امیر تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب 1922میں بھارت کے علاقہ سہارن پور اترپردیش میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے آبا ؤاجداد کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان آگئے ۔ انہوں نے اسلامیہ کالج لاہور سے گریجویشن کیا اور اپنی عملی زندگی کا آغاز بطور تحصیلدار کیا لیکن کچھ عرصہ بعد ہی اپنا پیشہ چھوڑ کر دینی جماعت سے وابستہ ہو گئے۔
انہوں نے بانی تبلیغی جماعت مولانا محمد الیاس کاندھلوی کے ساتھ6ماہ کا عرصہ گزارا۔حاجی عبدالوہاب بانی تبلیغی جماعت مولانا الیاس کاندھلوی،مولانا محمد یوسف کاندھلوی،مولانا انعام الحسن کاندھلوی کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔تبلیغی جماعت کے پہلے امیر محمد شفیع قریشی ،دوسرے امیر حاجی محمد بشیر مقرر ہوئے اورانکی وفات کے بعد حاجی عبدالوہاب کو عالمی تبلیغی جماعت کا تیسرا امیر مقرر کیا گیا ۔امیر تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب نے دنیاوی معاملات کو کبھی ترجیح نہیں دی ،حاجی عبدالوہاب نے اپنی زندگی میں ایک شادی کی جس سے کوئی اولاد نہیں ہوئی ،حاجی عبدالوہاب نے مولانا محمد فہیم کو اپنا منہ بولا بیٹا بنایا ہوا تھا جنہوں نے انکی بھرپور خدمت کی ،حاجی عبدالوہاب کے آخری ایام بھی مولانا محمد فہیم نے انکی خدمت گزاری میں صرف کئے۔حاجی عبدالوہاب نے اپنی پوری زندگی تبلیغ اور دین کی اشاعت کے لیے وقف کر رکھی تھی ۔اکتوبر 2014 کو عمان کے تحقیقی ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹیڈیز سینٹر نے دنیا کی 500 بااثر ترین مسلمان شخصیات کی فہرست شائع کی تھی جس میں پاکستان کی عالمی سطح پر سب سے بااثر قرار پائی جانے والی شخصیات میں تبلیغی جماعت کے سربراہ حاجی محمد عبدالوہاب کا 10واں نمبر تھا۔اس کے علاوہ اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے دنیا بھر کی500با اثر ترین مسلم شخصیات سے متعلق اپنی 2018 کی رپورٹ جاری کی تھی۔اسلامک اسٹڈیز سینٹر کی شائع ہونے والی رپورٹ 272 صفحات پر مشتمل تھی جس میں اسلامی دنیا کی سب سے بااثر شخصیت الاظہر یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شیخ احمد کو قرار دیا گیا تھا جب کہ اس فہرست میں پاکستان میں تبلیغی جماعت کے سربراہ حاجی محمد عبدالوہاب بھی شامل تھے۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق مولانا طارق جمیل امیر تبلیغی جماعت حاجی عبد الوہاب کے انتقال کی خبر سن کر کراچی کا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس لاہور آ گئے تاہم انہو ں نے دوروں پر نکلی ہوئی تمام تنظیموں کو تبلیغ کا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں