جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم اسلام آباد میں انتقال کر گئے
شیئر کریں
جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم ایک بھرپور سیاسی زندگی گزارنے کے بعد 72برس کی عمر میں اللہ کو پیارے ہو گئے ۔صدر جموں و کشمیر پیپلز پارٹی اور رکن قانون ساز اسمبلی خالد ابراہیم کو گزشتہ رات برین ہیمرج ہوا تھا۔ خالد ابراہیم اتوارکی صبح اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ۔ خالد ابراہیم سابق صدر آزاد کشمیر سردار ابراہیم کے فرزند تھے اور چار دہائیوں تک آزاد کشمیر کی سیاست پر اپنی اصول پسندی کے باعث چھائے رہے ۔ خالد ابراہیم متعدد مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔ مرحوم نے پیپلزپارٹی سے سیاست کا آغاز کیا تھا۔90 کی دہائی میں بے نظیر بھٹو سے سیاسی اختلافات کی وجہ سے پی پی چھوڑ کر اپنی الگ سیاسی جماعت جموں وکشمیر پیپلزپارٹی بنائی۔ وہ راولاکوٹ کے انتخابی حلقے سے الیکشن جیت کر قانون ساز اسمبلی کے رکن بنے ۔ سردار خالد ابراہیم اپنی اصول پسندی کی وجہ سے آزاد کشمیر کے سیاسی حلقوں میں منفرد مقام رکھتے تھے ۔ خالد ابراہیم کو اپنے آبائی علاقے راولاکوٹ کے نواح میں کوٹ متے خان میں انکے والد اور سابق صدر آزاد کشمیر سردار ابراہیم خان کے پہلو میں سپرد خا کیا جائے گا ۔سردار خالد ابراہیم کی نماز جنازہ آج ( پیرکو) دوبجے دن صابر شہید اسٹیڈیم راولاکوٹ میں ادا کی جائے گی جبکہ ان کی تدفین4 بجے کوٹ متے خان میں ہوگی ۔سردار خالد ابراہیم 5 نومبر1948 کو راولاکوٹ میں پیدا ہوئے تھے ۔سردار خالد ابراہیم کے خلاف توہین عدالت کیس سپریم کورٹ آزادکشمیر میں زیر سماعت تھا۔ عدالت نے سردار خالد ابراہیم کو 8نومبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔