میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس ،شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس ،شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

ویب ڈیسک
منگل, ۱۶ اکتوبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی، جبکہ شہباز شریف نے عدالت میں بیان دیا کہ آج تک اپنے عہدے کا غلط استعمال یا کسی کو کوئی غیر قانونی احکامات نہیں دیے،صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ میں گرفتار کر لیا گیا یہ کون سا قانون ہے۔قومی احتساب بیورو (نیب ) کی جانب سے شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کے روبرو پیش کیا گیا۔
شہباز شریف کو بکتر بند کی بجائے عام گاڑی میں احتساب عدالت لایا گیا ہے، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور احتساب عدالت کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔سماعت کے آغاز پر شہباز شریف نے کہا کہ میرا اس اسکینڈل سے کوئی تعلق نہیں، جس پر عدالت کی جانب سے انہیں کہا گیا کہ آپ انتظار کریں، پہلے نیب کا موقف سنا جائے گا۔
نیب کی جانب سے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کی درخواست دائر کی گئی، اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے گزشتہ 10 روز میں کیا تفتیش کی۔وکیل نیب نے بتایا کہ شہباز شریف سے جو سوالات پوچھے گئے، اس پر انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔اس دوران شہباز شریف کے وکیل نے نیب کی درخواست کی سخت مخالفت کی اور کہا کہ نیب کیوں جسمانی ریمانڈ میں توسیع مانگ رہا ہے، 10 روز میں احتساب کے ادارے نے کیا تفتیش کی۔شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ 10 روز میں نیب شہباز شریف سے کچھ نہیں نکلوا سکا کیونکہ آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں ان کے موکل پر جھوٹے الزامات لگائے گیے ہیں۔انہوں نے استدعا کی کہ نیب کی جانب سے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کی جائے۔ دوران سماعت نیب کی جانب سے حافظ اسد اللہ بھی بطور پراسیکیوٹر پیش ہوئے اور نیب کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی۔نیب کے دلائل پر شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر ان کے موکل کو ملوث کیا جارہا ہے، شہباز شریف نے کوئی غیر قانونی حکم جاری نہیں کیا۔اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ شہباز شریف نے تفتیشی ٹیم سے تعاون نہیں کیا، آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں اور لوگوں کو بھی طلب کیا گیا جبکہ شہباز شریف سے بھی قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تفتیش کر رہے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں