ابو ظہبی ،پاکستا نی ٹیم 282رنز پر ڈھیر آسٹریلیا کے دوکٹوں پر 20رنز
شیئر کریں
ابوظہبی میں دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 282 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 20 رنز بنالئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق منگل سے شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ اس وقت مہنگا ثابت ہوا جب پہلے ہی سیشن میں پاکستان کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
تاہم دوسرے سیشن میں فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد کی محتاط بلے بازی کی بدولت پاکستانی ٹیم مشکل صورتحال سے کچھ حد تک نکلنے میں کامیاب ہوئی۔پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں صرف پانچ رنز بنے۔آسٹریلیا کو پہلی کامیابی مچل سٹارک نے دلوائی۔ آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد حفیظ تھے جو صرف چار رنز بنا کر کیچ ہوئے۔دوسرے اینڈ سے سپنر نیتھن لائن پاکستانی بلے بازوں پر قہر بن کر ٹوٹے اور انھوں نے پانچ اووروں میں چار رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ان کی پہلی وکٹ اظہر علی تھے جو 15 رنز بنانے کے بعد خود لائن کے ہاتھ میں کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔
اس اوور کی اگلی ہی گیند پر صفر پر حارث سہیل شارٹ لیگ پر کیچ ہو گئے۔لائن نے اگلے اوور میں اسد شفیق کو بھی صفر کے سکور پر کیچ کروا دیا ٗان کی جگہ آنے والے بابر اعظم نے بھی کریز پر زیادہ دیر ٹھہرنے کی زحمت نہ کی اور وہ بھی کوئی سکور کیے بغیر باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہو گئے۔سرفراز احمد اور فخر زمان دونوں صرف چھ، چھ رنز کی کمی سے اپنی سنچریاں مکمل نہ کر سکے اور 94، 94 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فخر زمان چائے کے وقفے سے قبل لبوشین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔اس سے پہلے نیتھن لائن نے پہلے ہی سیشن میں چار وکٹیں لے کر آسٹریلیا کو ایک مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا تھا۔ ایک موقع پر پاکستان کی صرف 57 کے سکور پر پانچ وکٹیں گر چکی تھیں تاہم پھر فخر زمان اور سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا ۔