کراچی میں رواں ہفتے کے الیکٹرک کا دوسرا بڑا بریک ڈاؤن،شہری بجلی سے محروم
شیئر کریں
کراچی میں رواں ہفتے کے الیکٹرک کا دوسرا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے، جس کی وجہ سے جمعرات کو بھی متعدد علاقے کئی گھنٹوں سے بجلی سے محروم رہے۔ملیر میں گذشتہ روز بجلی کا بریک ڈاؤن ہواجوجمعرات کی صبح تک بحال ہی نہیں ہوا۔جمعرات کی علی الصبح ایک مرتبہ پھر شہر کے ایک بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی سے معطل ہوگئی۔لیاری، اولڈ سٹی ایریا، کھارادر، آئی آئی چندریگر روڈ،گلستان جوہر کے مختلف بلاکس، ملیر،ماڈل کالونی، گلشن اقبال، طارق بن زیاد کالونی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، لیاقت آباد، گلبرگ، فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس، نیو کراچی، ناگن چورنگی، یوپی سوسائٹی، نارتھ کراچی سرسید ٹاون، نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد، کلفٹن، ڈیفنس، محمود آباد، اختر کالونی، کشمیر کالونی سمیت کراچی کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی جمعرات کی صبح سوا 6بجے معطل ہوگئی اور شہریوں کو پریشانی کا سامناکرناپڑا۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ٹرپنگ کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی متاثرہوئی، جبکہ نیشنل گرڈ سے بھی بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی، چند روز قبل بھی رات گئے نمی کے باعث ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی تھی۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق نیشنل گرڈ سے جزوی سپلائی بحال ہوگئی ہے، ایئرپورٹ سمیت واٹربورڈ کے دھابیجی اورگھاروپمپنگ اسٹیشن پربھی بجلی کی فراہم کردی گئی ہے، جبکہ اورنگی، لانڈھی، پورٹ قاسم اورصدرکے علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ترجمان کے الیکٹرک نے بتایاکہ گلشنِ معمار، جیکب لائن، نارتھ کراچی اورگلستانِ جوہرکے علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے، جبکہ باقی متاثرہ علاقوں میں بحالی کاعمل جاری ہے۔واضح رہے کہ رواں ماہ اکتوبر کے آغاز میں بھی تکنیکی وجوہات کے باعث نیشنل گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی جس کے سبب طلب اور رسد میں فرق 700 میگا واٹ سے تجاوز کر گیا تھا۔بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے سبب مختلف مقامات بشمول صدر، گلشن، ملیر، شاہ فیصل، نارتھ کراچی، لیاقت آباد ،عزیز آباد، ڈیفنس، کھارادر اور ٹاور کے علاقے متاثر ہوئے تھے۔صارفین نے شکایت کی تھی کہ نصف شب کے بعد چار سے چھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول بن چکی ہے اور یہ سلسلہ دس روز سے جاری ہے۔