گرفتاریوں کے خلا ف خواجہ سراؤں نے کلفٹن تھانے پر دھاوا بول دیا
شیئر کریں
کراچی کے علاقے کلفٹن میں بدکاری میں خواجہ سراوں کے ملوث ہونے کی عوامی شکایات پر پولیس کے آپریشن میں نصف درجن خواجہ سراوں اور دیگر کی گرفتاریوں کے خلاف خواجہ سراوں کی بڑی تعداد نے منگل کی دوپہر کلفٹن تھانے پر دھاوا بول دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق بعض شہریوں کی جانب سے تھانے میں براہ راست یا مددگار ون فائیوکو شکایات کی گئی تھیں کہ شہر کے پوش علاقے کلفٹن میں زمزمہ اسٹریٹ اور زمزمہ پارک کے اطراف کی سڑکوں اور چوراہوں پر فیشن ایبل عورتوں اور لڑکیوں کا روپ دھارے خواجہ سرا راہ گیروں اور عام شہریوں کو دعوت گناہ دیتے اور تنگ کرتے نظر آتے ہیں۔
شہریوں کے مطابق ان کے ساتھ مالشیوں کے روپ میں بھی بعض افراد شریک کار دیکھے گئے ہیں۔ایس ایچ او کلفٹن جاوید احمد ابڑو کے مطابق انہوں نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 228، 18، 294 و 34 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ رات ایسے عناصر کی رنگے ہاتھوں گرفتاریاں کیں اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔انہیں منگل کی صبح عدالت میں پیش کیا گیا تو اس موقع پر خواجہ سراوں نے احتجاج کیا جبکہ دوپہر کو بھی خواجہ سراوں کی بڑی تعداد نے کلفٹن تھانے پہنچ کر ان گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کیا۔مخصوص انداز میں نعرے لگاتے اور سینہ کوبی کرتے ہوئے خواجہ سرا تھانے میں گھس گئے اور اپنے ساتھیوں کو چھوڑنے کا مطالبہ کرتے رہے۔تھانہ انچارج جاوید ابڑو کے مطابق انہوں نے تمام خواجہ سراوں کی بات سنی اور انہیں سمجھا بجھا کر منتشر کر دیا۔واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں خواجہ سراوں کی ملی بھگت سے پولیس عام شہریوں کو تنگ کرتی اور رقوم بٹورتی نظر آتی ہے۔