مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 2نوجوان شہید
شیئر کریں
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع اسلام آباد میں دو اور نوجوانوں کو شہید کردیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے Munwardمیں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوجیوں نے علاقے میں ایک مکان کو بھی تباہ کیا۔ انتظامیہ نے جنوبی کشمیر کے اس ضلع میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ہے ۔
سرینگر اور بانیہال کے درمیان ٹرین سروس بھی معطل ہے۔ادھر ضلع کپواڑہ کے علاقے مژھل میں بھارتی فوج کی 45راشٹریہ رائفلز کے ہیڈ کوارٹر میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھنے سے فوجیوں کی متعدد بیریکیں مکمل طورپر جل کر خاکستر ہوگئیں جبکہ اسلحہ اوردیگر سامان کے ذخیرے کو بھی نقصان پہنچا۔
دریں اثناء بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے کشمیری نظربندوں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنے اور جاری جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے پر جموں کی امپھالہ جیل کے ڈپٹی جیل سپریٹنڈنٹ فیروز احمد لون اور اسحاق پالہ کو گرفتار کرلیا ہے ۔این آئی اے کی جموں کی خصوصی عدالت نے اسحاق پالہ کو دس روزہ ریمانڈ پر دیدیا تھاجبکہ فیروز کو آج عدالت میں پیش کیاجارہا ہے ۔