
اندرون سندھ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ عوام سخت پریشان۔ حکومت نوٹس لے
شیئر کریں
مکرمی جناب
حکومت بجلی کی غیر اعلانیہ بندش ختم کرنے اور لوڈشیڈنگ کے جن پر قابو پانے کے اکثر دعوے کرتی ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے بڑے شہروں کی نسبت اندرون سندھ صورتحال انتہائی دگرگوں ہے کوٹری میں روزانہ کی بنیاد پر 10 گھنٹے سے زائد بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے رات کے اوقات میں مسلسل 5 گھنٹے اور دن میں 6 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے۔ میرپور خاص میں 14 گھنٹے کی طویل بندش سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اسپتالوں میں مریض ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ آپریشن ملتوی ہورہے ہیں دیگر کام متاثر ہورہے ہیں۔ جبکہ گھروں میں لوگ راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں نیند پوری نہ ہونے کے باعث بچوں کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔ جبکہ امتحانات سرپر ہیں کاروباری سرگرمیاں ماند ہونے کی وجہ سے تاجر برادری بھی سراپا احتجاج ہے۔ بجلی کی موجودہ صورتحال کے خلاف سندھ بھر کے عوام نے مظاہروں اور ٹائر نذر آتش کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے ان کا مطالبہ ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کی جائے بصورت دیگر حیسکو افسران کا گھیرائو کیا جائے گا۔ افسوس کا مقام ہے کہ حکومت عوام کو صرف سبز باغ دکھاتی ہے اور عملی اقدامات صفر نظر آتے ہیں سب اچھا ہے اور ترقی کا سفر جاری ہے کی رٹ لگانے سے بہتر ہے کہ مسائل میں گھرے عوام کی دادرسی کی جائے۔گرمیوں کی آمد سے قبل لوڈشیڈنگ کی یہ صورتحال ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ عوام پورا موسم گرما بجلی کی شکل دیکھنے کو ترس جائیں گے۔ ڈھائی ماہ بعد رمضان المبارک ہیں اگر حکومت روزے داروں کی بددعائوں سے بچنا چاہتی ہے تو فوری طور پر غیر اعلانیہ بجلی کی طویل بندش کا نوٹس لے اور مسائل کا سدباب کرے۔
(محمد وسیم۔کراچی)