نیب کا ادارہ ٹارچر سیل بنادیا گیا ہے ، ڈاکٹر عاصم کا الزام
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے ایک ٹارچر سیل بنایا ہوا ہے۔جمعرات کوکراچی میں احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹرعاصم حسین نے نیب پر الزام لگایا کہ نیب نے ایک ٹارچرسیل بنایا ہوا ہے جہاں گواہوں کو دھمکیاں دی جاتی ہیں، جتنے گواہ آئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ بیان نہیں ہے اور ہم سفید پوش لوگ ہیں نیب کے نام سے ہی ہماری ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں۔ مجھے بند کیا گیا اورجیل بھی گیا، لیکن نیب کو کچھ نہیں ملا ،اب یہ پیسہ کہاں گیا نیب ہی بتا سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم جنگلوں میں رہنے والوں کا رائیونڈ والوں سے کیا مقابلہ ہے، آپ کے اورمیرے مسائل ایک جیسے ہیں، وہ مسائل اٹھانے چاہیئں، جو ایک عام آدمی کے ہوں، سب کو دعوت دی ہے کہ کراچی کے لیے سب کو مل کرکام کرنا چاہیئے، میں توپوری ایم کیو ایم کو دعوت دے چکا ہوں اوریہ بہترین موقع ہے کہ یہ لوگ پیپلزپارٹی میں آجائیں ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔اس سے قبل احتساب عدالت میں کرپشن کیس کی سماعت کے لیے ڈاکٹرعاصم پیش ہوئے، سماعت کے دوران گواہان نے اپنے بیانات قلمبند کرائے جس کے بعد عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔