انتخابی عمل میںتاخیر بالکل گوارا نہیں،عمران خان
شیئر کریں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/ نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن سے حلقہ بندیوں کا عمل 90روز میں مکمل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی خلاء کے باعث ملک میں گورننس کا نظام تتر بتر ہے اور آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کا پابند ہے، لہذا الیکشن کمیشن کو پورا عمل 90روز 3ماہ میں مکمل کرنا چاہیے، عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف مختلف حیلے بہانوں سے انتخابی عمل میں تاخیر بالکل گوارا نہیں کرے گی۔ یاد رہے کہ رواں ماہ 19دسمبر کو پاکستان تحریک انصاف کی مکمل حمایت کے ساتھ سینیٹ نے 24ویں آئینی ترمیم منظور کی تھی جس کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پابند کیا گیا ہے کہ 2018ء کے الیکشن قومی اسمبلی کی نشستوں کی نئی تقسیم کے مطابق کرائے جائیں جس کے لیے 2017ء کی مردم شماری کے عبوری نتائج کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کا کام ابھی ہونا ہے، آئینی ترمیم کی وجہ سے صوبوں کے درمیان قومی اسمبلی کی نشستوں کے حصے کی ری ایلوکیشن مردم شماری 2017ء کے نتائج کے مطابق ہو چکی ہے، اب نئی مردم شماری کے مطابق اور قومی اسمبلی کی نشستوں کی ری ایلوکیشن کے تحت الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کا کام کرنا ہے جس کے بعد آئندہ انتخابات ہوں گے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو توقع ہے کہ حلقہ بندیوں کا کام اپریل 2018ء تک مکمل کر لیا جائے گا تاکہ آئندہ عام انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے، اگرچہ الیکشن کمیشن آف پاکستان چاہتا تھا کہ یہ آئینی ترمیم 10نومبر تک ہو جانی چاہیے تھی تاکہ 2018ء کے عام انتخابات میں کسی بھی طرح کی تاخیر سے بچا جا سکے، لیکن حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہوگیا تھا، تاہم اب آئینی ترمیم کی منظوری سے یہ کام 19دسمبر کو مکمل ہوا۔