مہاجروں پر پھر دہشت گردوںکو مسلط کرنے کی کوشش ہورہی ہے،آفاق احمد
شیئر کریں
حیدرآباد(بیورورپورٹ)مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ میری قوم کا تشخص برباد کردیا گیا، بوری بند لاشیں ہماری شناخت نہیں تھیں، ایک شخص کے گناہ کی سزا پوری قوم کو نہیں دی جانی چاہئے۔ حماد صدیقی بلدیہ فیکٹری میں معصوم مہاجر بچوں کوجلانے میں ملوث ہے ۔ اسے لٹکایا جائے ۔ آج میری قوم کے فیصلے پنجاب سے آنے والا 17 گریڈ کا آفیسر کرتا ہے۔ وہ حیدرآباد کے علاقے لطیف آبا دکے اکبری گراؤنڈ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ آفاق احمد نے کہاکہ میری قوم کے ساتھ طویل کھلواڑ ہورہا ہے۔ میں 1991ء سے کہہ رہا تھا کہ الطاف حسین ملک دشمن ہے تو اس وقت ہمیں غدار کہا گیا ، 2007ء میں الطاف حسین نے بھارت کا دورہ کیا اور وہاں پاکستان کیخلاف زہر افشانی کی ، پاکستان کے بنانے کو غلطی قرار دیا تو اس وقت فاروق ستار کیوں خاموش تھے؟ کیا وہ بچے تھے ، انہیں پتانہیں تھا ، آج وہ کہتے ہیں الطاف حسین نے ملک کیخلاف بات کی ہے۔ فاروق ستار اور ان کے ساتھی شخصیت کے ساتھ وفاداری کرتے رہے، اگر وہ پاکستان سے مخلص ہوتے تو پھر 2007ء میں ہی الطاف حسین سے علیحدگی اختیار کرلیتے۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر قوم جو اقتدار بنانے اور اقتدار گرانے کے فیصلے کرتی تھی، آج اس کے فیصلے پنجاب کے آنے والا 17گریڈ کا افسر کرتا ہے، میری قوم کا چہرہ مسخ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہاجروں کو روزگار اور تعلیم دی جانی چاہئے۔آج پھر دہشت گردوں کو مہاجروں پر مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔