بلوچستان دہشتگردوں کے نشانے پر، پولیس افسر کی اہلیہ، بیٹے ، پوتے سمیت ٹارگٹ کلنگ، تربت سے 15نعشیں برآمد
شیئر کریں
کوئٹہ(بیورورپورٹ/ نیوز ایجنسیاں)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایس پی سٹی انوسٹی گیشن کی اہلیہ بیٹے اور نواسے سمیت 4افراد شہید جبکہ پو تی شدید زخمی ہو گئی حملہ اور موقع سے فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس پی سٹی انوسٹی گیشن محمد الیاس اپنی فیملی کے ہمراہ اپنی گاڑی پر جارہے تھے کہ نواں کلی کے علاقے میں نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایس پی سٹی انوسٹی گیشن محمد الیاس ان کی اہلیہ بیٹا عدیل احمد ایڈووکیٹ اور 5سالہ پوتا وہاب موقع پر شہید جبکہ 4سالہ پوتی مروا شدید زخمی ہو گئی، فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، حملہ ٓاور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فرنٹیئر کور کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر نعشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا، نعشیں ضروری کا رروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل 9 نومبر کو کوئٹہ میں ڈی آئی جی حامد شکیل کی گاڑی پر خود کش حملہ کیا گیا تھا جس میں ڈی آئی جی سمیت 3اہلکار شہید ہوگئے تھے۔علاوہ ازیںبلوچستان کے علاقے تربت میں غیر قانونی طور پر ایران جانیوالے 15افراد کی تشدد زدہ نعشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مارکر قتل کر دیا گیا قتل ہونیوالوں کا تعلق صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے نعشوں کو سول اسپتال تربت منتقل کر دیا جہاں سے پنجاب کے مختلف علاقوں کے لیے نعشوں کو روانہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تربت کے علاقے گروک سے 30کلو میٹر 15افراد کینعشیں ملی ہیں جن میں سے 11 کی شناخت ہو گئی جن میں محمد حسین کا تعلق واہ کینٹ ذوالفقار کا تعلق ریلوے پھاٹک منڈی بہائو الدین خرم شہزاد کا تعلق منڈی بہائو الدین غلام ربانی کا تعلق وزیرآباد گوجرانوالہ زعفران زاہدکا تعلق سیالکوٹ اظہر وقاس کا تعلق منڈی بہائو الدین سیف اللہ کا تعلق گجرات محمد الیاس کا تعلق ڈسکہ سیالکوٹ عبدالغفور کا تعلق سیالکوٹ طیب کا تعلق سیالکوٹ حسن رضا کا تعلق گوجرانوالہ سے ہیں، جبکہ 4افراد کی شناخت نہیں ہو سکی، ان میں سے دو کی عمریں 20 سال سے کم جبکہ 2کی عمریں 47سال زیا دہ تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ جائے وقوعہ پر پہنچی نعشوں کو اٹھا کر سول اسپتال تربت پہنچایا گیا ان افراد کو گاڑیوں سے اتار کر پہاڑوں کی طرف لے گئے جہاں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا، کمشنر مکران بشیر احمد نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی رات پیش آیا اور ہلاک شدگان غیر قانونی طور پر ملک سے باہر جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے کیچ کے علاقے گروک میں انھیں گاڑی سے اتار کر فائرنگ کر کے ہلاک کیا، مرنے والے تمام افراد نوجوان تھے اور ان کا تعلق صوبہ پنجاب سے تھا۔