پاکستان کا بھارتی فوجیوں کی جانب سے ایل او سی پر شہریوں کو نشانہ بنائے جانے پر شدید احتجاج
شیئر کریں
پاکستان نے بھارتی فوجیوں کی جانب سے ایل او سی پر شہریوں کو نشانہ بنائے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے باعث تشویش اور 2003 ء کے معاہدے کی خلاف ورزی قراردیا ہے جبکہ پاکستانی ڈی جی ایم او نے بھارتی ہم منصب کے ساتھ خصوصی ہاٹ لائن رابطے کے دوران پاک فوج پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزامات مسترد کر دیئے ہیں ۔ پیر کو آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹرز جنرل ملٹری آپریشنز(ڈی جیز ایم او) کے درمیان ہاٹ لائن پر خصوصی رابطہ ہوا ۔ ڈی جی ایم او پاکستان نے حالیہ دنوں میں ایل او سی پر شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنائے جانے پر احتجاج کیا جس کے نتیجہ میں شہریوں کا جانی نقصان ہوا ۔ ڈی جی ایم او پاکستان آرمی نے کہا کہ بھارتی فوجی بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات انتہائی تشویش کا باعث اور 2003 ء کے معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان آرمی کی طرف سے شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے الزام کے جواب میں ڈی جی ایم او نے واضح کیا کہ پاکستان ایل او سی کی دوسری جانب رہنے والوں کو اپنا بھائی سمجھتا ہے اور پاک فوج نے ایک پیشہ ور فورس ہونے کے ناطے کبھی ایسا نہیں کیا ۔